آصفہ کے قتل کے بعداس کے بھائیوں سمیت قبیلے کے دیگر بچوں کی تعلیم متاثر

 
0
350

سرینگراپریل 15(ٹی این ایس)مقبوضہ کشمیر میںآ ٹھ سالہ آصفہ کی آبروریزی اور قتل کے بعد ان کے اہل خانہ کو ملنے والی دھمکیوں کی وجہ سے آصفہ کے دو بھائیوں سمیت قبیلے کے دیگر بچوں کی تعلیم متاثر سخت متاثر ہو چکی ہے جبکہ دھمکیوں کی وجہ سے آصفہ کے خاندان سمیت گوجروں کے دیگرخاندانوں نے اس سال قبل از وقت وادی کا رخ کیا ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق جموں خطے کے گوجر بکروال ہرسال موسم گرما میں مال مویشیوں سمیت عارضی طورپر مقبوضہ وادی کشمیر منتقل ہوجاتے ہیں لیکن رسانہ کے گوجروں نے اس سال قبل ازوقت گھر بار چھوڑ کربچوں کے ہمراہ وادی کا رخ کیا ہے ۔ نقل مکانی کرنے والے آصفہ کے ما موں جاوید احمد نے صحافیوں کو بتایا کہ وہ ہر سال گرمیوں میں وادی منتقل ہوتے ہیں تاہم اکثر وہی لوگ ہجرت کرتے ہیں جن کے پاس مال مویشی ہوتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران تعلیم حاصل کرنیو الے بچوں اور بڑوں میں سے کسی کو گھروں میں ہی رکھاجاتا ہے تاکہ گھروں کی حفاظت کیساتھ ساتھ بچے بھی اپنی تعلیم جاری رکھ سکے ۔جاوید نے کہا کہ کمسن بچی کی آبرو ریزی اور قتل کے بعد علاقے کا گوجرطبقہ انتہائی خوفزدہ ہے جبکہ انہیں دھمکیاں بھی دی جارہی ہیں اس لئے اس برس وہ قبل از وقت ہجرت پر مجبو ر ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف آصفہ کے دو بھائیوں بلکہ قبیلے کے دیگر طلباکو بھی تعلیم چھوڑ کر وادی کی طرف منتقل ہونا پڑا۔