ایکنک کا اجلاس : بھاشا ڈیم کی تعمیر کی منظوری دے دی گئی

 
0
768

تقریباً 18 ارب 35 کروڑ روپے کی لاگت سے لودھراں،ملتان،خانیوال،شاہدرہ باغ ریلوے سگنلز کی تبدیلی کی بھی  منظوری

اسلام آباد، اپریل 18(ٹی این ایس ): وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت ہونے والے ایکنک کے اجلاس میں بھاشا ڈیم کی تعمیر کی منظوری دے دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت ایکنک کے اجلاس میں 4 کھرب 74 ارب کی لاگت سے دیامیر بھاشا ڈیم منصوبہ اور تقریباً 18 ارب 35 کروڑ روپے کی لاگت سے لودھراں۔ملتان۔خانیوال۔شاہدرہ باغ ریلوے سگنلز کی تبدیلی کی منظوری دےدی ہے۔

بھاشا  ڈیم کی 6.4 ملین ایکڑ فٹ براہ راست ذخیرہ جاتی گنجائش ہو گی اور یہ 4500 میگاواٹ بجلی کی نصب شدہ استعداد کا حامل ہو گا۔ تکمیل کے بعد اس منصوبہ سے پاکستان کی قومی آبی ذخیرہ کی گنجائش 38 سے بڑھ کر 45 روز ہو جائے گی اور تربیلا ڈیم سمیت ڈاون سٹریم ذخائر کی مدت کا عرصہ بھی بڑھے گا۔ ایکنک نے2998.10 ملین روپے کی لاگت سے گوادر۔لسبیلہ روزگار معاونت منصوبہ پر نظرثانی کی بھی منظوری دی۔ اس منصوبہ کا مقصد بلوچستان کے 2 اضلاع گوادر، لسبیلہ میں غربت میں کمی لانا ہے۔