سربراہ پاک بحریہ کی چین کے وزیر دفاع سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال

 
0
380

کراچی اپریل 19(ٹی این ایس)پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے چین کے دورے کے دوران چین کے وزیر دفاع اور ریاستی مشیر جنرل وی فینگ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی چین کے سرکاری دورے پر ہیں۔دورے کے دوران ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے چین کے وزیر دفاع اور ریاستی مشیر جنرل وی فینگ سے ملاقات کی۔ترجمان کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پاک بحریہ کے سربراہ نے ’ون چائنہ‘ پالیسی اور چین کے بنیادی مفادات کے سلسلے میں مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔ترجمان کے مطابق چین کے وزیر دفاع نے پاکستان کے بنیادی مفادات کی حمایت کے سلسلے میں چین کے عزم صمیم کا اظہار بھی کیا۔ جنرل وے فینگ نے پاکستان کو ہر مشکل و آسان وقت کا دوست قرار دیا۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق دونوں شخصیات نے پاک چین اقتصادی راہداری کو خطے کے لیے خوشحالی اور اقتصادی ترقی کا منصوبہ قرار دیا۔اس سے قبل ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے چین کی ڈیفنس انڈسٹری کی لیڈر شپ سے بھی ملاقات کی۔ ملاقاتوں کے دوران حالیہ اور مستقبل کے منصوبوں سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی۔خیال رہے کہ گزشتہ روز نیول چیف نے چین کی بحریہ کے سربراہ سے بھی ملاقات کی تھی۔ ملاقات میں دو طرفہ بحری تعاون اور خطے میں سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول چیف نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے عزم اور کردار اور کثیر القومی ٹاسک فورس میں پاک بحریہ کی شرکت پر روشنی ڈالی۔