ڈپٹی کمشنر کورنگی عبدالواجد شیخ کا اپنی سرکردگی میں  چار روزہ انسداد تجاوزات مہم کا آغاز،  غیر قانونی طور پر بنے بس اڈوں، مکانات اور واٹرہائڈرنٹس کو  ختم کیا

 
0
438

کراچی، اپریل  19 (ٹی این ایس): ڈپٹی کمشنر کورنگی عبدالواجد شیخ نے اپنی سرکردگی میں  چار روزہ انسداد تجاوزات مہم کا آغاز کردیا ہے ۔ چار روز تک جاری رہنے والی اس  مہم کا آغاز   غیر قانونی طور پر قائم کئے گئے بس اڈوں اور اسٹینڈز  کے خلاف کیا گیا ۔ اگلے مرحلے میں کورنگی مہران ٹاؤن میں غیر قانونی طور پر بنے مکانات کو مسمار کیا گیا۔ اس کے بعد ملیر ندی میں ریت بجری والوں کے خلاف آپریشن کیا گیا

ڈپٹی کمشنر کورنگی عبدالواجد شیخ نے بعد ازاں کورنگی کے علاقوں کا ہنگامی دورہ کرکے چکرا گوٹھ اور ناصر کالونی میں قائم غیر قانونی طور پر چلنے والے واٹر ہائیڈرینٹ جو سرکاری اراضی پر قائم کیا گیا تھا  پر اچانک چھاپہ مارا اور 9 واٹر ٹینکرز سمیت متعدد گاڑیاں حراست میں لے کر مقدمہ درج کرلیا۔

ڈپٹی  کمشنر کورنگی عبدالواجد شیخ نے ناصر کالونی میں قائم ہائڈرینٹ کو مسمار کیا جبکہ کورنگی چکرا گوٹھ میں چلنے والا غیر قانونی واٹر ہائڈرینٹ جو کہ سرکاری اراضی پر قبضہ کرکے چلایا جارہا تھا کو سیل کر دیا۔ اس ہائڈرنٹ میں  کورنگی روڈ سے پی اے ایف بیس جانے والی پانی کی پائپ لائن کیساتھ چور کنکشن ڈالا گیا تھا جس سے یومیہ لاکھوں گیلن پانی چوری کرکے واٹر ٹینکروں کے ذریعے فروخت کیا جارہا تھا۔ ڈپٹی کمشنر کورنگی عبدالواجد شیخ نے اپنی نگرانی میں واٹر بورڈ کے عملہ اور بھاری مشینری کے ذریعے غیر قانونی پانی کے کنکشن کوکٹوایا اور واٹر ہائڈرینٹ کی سرکاری جگہ کو سیل کرکے قانونی کارروائی کرنے کے علاوہ  مالکان کے خلاف مقدمات درج کردیئے ۔اس آپریشن میں ڈپٹی کمشنر کورنگی عبدالواجد شیخ کے ساتھ اسسٹنٹ کمشنر ریونیو محمد وسیم الدین اسسٹنٹ کمشنر کورنگی نجیب جمالی مختیار کار کورنگی احمد میمن واٹر بورڈ کے افسران ایس پی لانڈھی شعبان علی کے علاوہ پولیس کی بھاری نفری شامل تھی۔

ڈپٹی کمشنر کورنگی عبدالواجد شیخ نے اس موقع پر  میڈیا نمائندگان سے  گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  وہ اپنے ڈسٹرکٹ کی حدود میں کسی بھی قسم کا غیر قانونی کام چلنے نہیں دویں  گے ۔