سپریم کورٹ کا پنجاب یونیورسٹی کے وی سی کی معطلی کا حکم

 
0
395

کس حیثیت میں یونیورسٹی کی 80کنال اراضی حکومت کو دی، آپ ہوتے کون ہیں یونیورسٹی کی اراضی حکومت کودینے والے؟ لوگوں کو لگایا ہی اس لیے جاتاہے کہ حکومت کے سامنے سر تسلیم خم کریں، ثابت ہوگیا حکومت اپنے مطالبات منوانے کیلئے مستقل وی سی نہیں لگاتی، ڈھائی سال سے مستقل وائس چانسلر کیوں تعینات نہیں کیا گیا، آگاہ کیا جائے کہ تاخیر کا ذمہ دار کون ہے؟۔ریمارکس چیف جسٹس
لاہور اپریل 21(ٹی این ایس) سپریم کورٹ نے پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر (وی سی) کو معطل کرتے ہوئے سینئر ترین پروفیسر کو وی سی لگانے کا حکم دے دیا۔سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں پنجاب یونیورسٹی کی زمین اورنج لائن ٹرین منصوبے کو دینے کے حوالے سے کیس کی سماعت ہوئی تو عدالت کو بتایا کہ گیا کہ یونیورسٹی انتظامیہ نے گرڈ اسٹیشن اور اورنج لائن منصوبے کیلئے حکومت کو 80 کنال اراضی دی ہے جس پر چیف جسٹس نے پنجاب یونیورسٹی کی اراضی پر حکومت کو گرڈ اسٹیشن دینے پر از خود نوٹس لے لیا۔

کیس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے پنجاب یونیورسٹی کے وی سی ڈاکٹر ذاکر زکریا کو معطل کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے وی سی کی معطلی کے بعد حکم دیا کہ یونیورسٹی کے سینئر ترین پروفیسر کو وائس چانسلر لگایا جائے اور وی سی کی تعیناتی کیلئے نئی سرچ کمیٹی بنائی جائے۔ سپریم کورٹ کا حکم آنے کے بعد وی سی پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر ذاکر زکریا نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا اور استعفیٰ سپریم کورٹ رجسٹری کے رجسٹرار کو جمع کرادیا۔

دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ کس حیثیت میں یونیورسٹی کی 80کنال اراضی حکومت کو دی، آپ ہوتے کون ہیں یونیورسٹی کی اراضی حکومت کودینے والے؟ لوگوں کو لگایا ہی اس لیے جاتاہے کہ حکومت کے سامنے سر تسلیم خم کریں، ثابت ہوگیا کہ حکومت اپنے مطالبات منوانے کیلئے مستقل وی سی نہیں لگاتی، ڈھائی سال سے مستقل وائس چانسلر کیوں تعینات نہیں کیا گیا، آگاہ کیا جائے کہ تاخیر کا ذمہ دار کون ہے؟۔