ایس ایس پی تشدد کیس: انسداد دہشتگردی عدالت نے عمران خان کو طلب کرلیا

 
0
314

اسلام آباد اپریل 25(ٹی این ایس): ایس ایس پی تشدد کیس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی بریت سے متعلق درخواست پر فیصلہ آج سنایا جائے گا جب کہ عدالت نے ملزم کو طلب کرلیا۔انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے عمران خان کی بریت کی درخواست پر فریقین وکلا کے دلائل سننے کے بعد 10 اپریل کو فیصلہ محفوظ کیا تھا جو آج سنایا جانا ہے۔ فاضل جج نے سماعت کی تو عمران خان کمرہ عدالت میں موجود نہیں تھے جس پر جج شاہ رخ ارجمند نے کہا کہ ملزم کی موجودگی میں فیصلہ سنایا جائے گا۔

عدالت نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو طلب کر لیا، اس موقع پر عمران خان کی آج کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی جس پر فاضل جج نے کہا کہ عمران خان کو بلالیں آج ہی فیصلہ سنانا ہے۔پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیسز کی سماعت بھی آج ہوگی جو اے ٹی سی جج کوثر عباس زیدی کریں گے۔ مقدمات میں نامزد عمران خان، شاہ محمود قریشی اور اسد عمر سمیت دیگر تحریک انصاف کے رہنما پیش ہوں گے۔ یاد رہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے 2014 میں حکومت مخالف دھرنے کے دوران عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں کے خلاف ایس ایس پی تشدد، پی ٹی وی، پارلیمنٹ حملہ اور اشتعال انگیز تقاریر کے مقدمات درج کیے گئے تھے۔