پاکستانی نژاد اطالوی لڑکی کی پراسرار موت، والد ، چچا اور بھائی کیخلاف مقدمہ درج، قبر کشائی آج ہوگی

 
0
134162

گجرات اپریل 25(ٹی این ایس) گجرات میں پاکستانی نڑاد اطالوی شہری ثناءکے قتل میں پیش رفت ہوئی ہے۔ قتل کا مقدمہ والد‘ چچا اور بھائی کے خلاف درج کر لیا گیا ہے۔ آج (بدھ کو ) پوسٹ مارٹم کیلئے قبرکشائی کی جائے گی۔ ثناءچیمہ کے قتل کے بعد خفیہ تدفین کی تصدیق ہو گئی ہے۔اطالوی میڈیا کے مطابق ثناءپسند کی شادی کرنا چاہتی تھی۔ غیرت کے نام پر قتل ہوا‘ پولیس نے ملزم گرفتار نہیں کیا۔ ستمبر میں اٹلی کی شہریت حاصل کرنے والی ثناءچیمہ 2ماہ قبل پاکستان آئی تھی۔

ایف آئی آر کے مطابق ابتدائی تفتیش میں 18اپریل کو لڑکی کے قتل اور خفیہ تدفین کی تصدیق ہوئی۔ گورکن نے کہا ہے کہ ثناءچیمہ کے ورثاءکو تدفین کی جلدی تھی۔ قبر کھودنے کیلئے 2 مزدور ساتھ لائے تھے۔دوسری طرف اٹلی کے شہر بریشیا میں پاکستانی کمیونٹی نے ثناءکی پراسرار ہلاکت کیخلاف احتجاج کیا ہے۔ مظاہرین نے گجرات پولیس سے شفاف تفتیش کا مطالبہ کیا ہے۔ پاکستانی کمیونٹی نے ثناءچیمہ سے اظہار یکجہتی کیا ہے۔

اطالوی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ معاملے پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ پاکستان میں اطالوی سفارتخانہ ثناءچیمہ کیس کی تہہ تک پہنچنے کیلئے پرعزم ہے۔ اطالوی سفارتخانہ مقامی حکام کے ساتھ مکمل تعاون کیلئے تیار ہے۔مقتولہ ثناءچیمہ کی قبرکشائی آج صبح 10بجے کوٹ فتح کے قبرستان میں سول جج لبنیٰ صغیر کی زیرنگرانی ہوگی۔ قبرستان میں تھانہ کنجاہ کے پولیس اہلکار بھی قبرستان میں تعینات کر دئیے گئے ہیں۔ ثنا 2002ءسے اٹلی کے شہر بریشیا میں رہائش پذیر تھی جوچار ماہ قبل 18جنوری 2018ءکوپاکستان واپس آئی اور 19اپریل 2018ءکو اس نے واپس جانے کیلئے ٹکٹ کروائی مگر اسکی زندگی کی سانسیں ہی کٹ گئیں۔ڈی ایس پی صدرسرکل عرفان الحق سلہریا نے بتایا کہ ملزما ن کی گرفتاری کیلئے کوششیں کررہے ہیں اصل حقائق پوسٹمارٹم رپورٹ سے ہی سامنے آئیں گے۔