پشاور :خلیل قومی جرگہ کاچودہ گھنٹے لوڈشیڈنگ پر پیسکو کے خلا ف احتجا جی مظا ہرہ

 
0
627

پشاور،اپریل 26(ٹی این ایس) :خلیل قوم کی فلاح و بہبود کے لئے قائم خلیل قومی جرگہ نے پیسکو کی جانب سے غریب آباد فیڈر یونیورسٹی گرڈ سے ملحقہ پشاور کے پوش علاقوں تہکال،جہانگیر آباد، شاہین ٹاون اورغریب آباد میں بی آر ٹی کے نام پر گذشتہ چار مہینوں سے بجلی کی ناراوا بارہ اور چودہ گھنٹے لوڈشیڈنگ کے خلاف بھر پور احتجاج کا فیصلہ کرتے ہوئے پیسکو حکام کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنا قبلہ درست کر دیں ورنہ عوام سڑکوں پر نکلنے کے لئے تیار کھڑے ہیں اور اگر عوام ایک بار سڑکوں پر نکل آئے تو پھر پیسکو حکام کو سر چھپانے کی جگہ بھی نہیں ملے گی اور حالات کی تمام تر ذمہ واری چیف ایکزیگٹو پیسکو پر عائد ہو گی جو کہ وفاقی وزیر پانی و بجلی عابد شیرعلی کے واضح احکامات کو بھی نظرانداز کر رہے ہیں۔ سابق ایم پی اے عاطف الرحمان خلیل کی رہائش پر منعقدہ ایک اہم اجلاس زیر صدارت سابق صوبائی وزیر اور جے یو آی ف کے رہنما  مولانا آمان اللہ حقانی منعقد ہوا اجلاس میں ن لیگ کے رہنما ارباب خضرحیات، اے این پی کے سابق ایم پی اے عالمگیر خلیل، جماعت اسلامی کے سابق صوبائی وزیر کاشف اعظم، تحریک انصاف کے پیر فدا ایڈوہ کیٹ، پیپلز پارٹی کے ارباب زرک اور دیگر مشران نے شرکت کی۔

اجلاس سے اپنے خطاب میں ن لیگ کے رہنما ارباب خضر حیات اپنی ہی حکومت پر برس پڑے انہوں نے کہا غریب آبادفیڈر جس میں کہ پشاور کے سب سے پوش علاقے شامل ہیں کیساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک روا رکھا گیا ہے کبھی    بی آر ٹی پر کام کی وجہ سے لائن شفٹنگ اور کبھی دوسرے فیڈرز کی لائن شفٹنگ کے بہانے آئے روز بارہ اور چودہ گھنٹے مسلسل بجلی بند رہتی ہے جبکہ اس دوران معمول کی لوڈ شیڈنگ علیحدہ کی جاتی ہے جس میں کسی قسم کی رعایت نہیں دی جاتی ہے۔ ارباب خضرحیات نے کہا کہ ایک سازش کے تحت پیسکو حکام وفاقی حکومت کو بدنام کرنے کی سازشوں میں مصروف عمل ہے کیونکہ وفاقی وزیر عابدشیر علی نے اس سلسلے میں خود چیف ایگزیکٹو پیسکو سے بات کی ہے مگر ان کے احکامات کو بھی ردی کی ٹوکری میں پھینکا گیا ہے اس کے علاوہ میں نے اس اہم ایشو پر ایس ای پشاور، ایکسین کینٹ، ایس ڈی او ٹاون ٹو اور ایکسین پاور ڈسٹریبیوشن سے کئی مرتبہ بات کی مگر افسوس کہ کوئی بھی اس اہم مسلے کی جانب توجہ نہیں دے رہا ہے اور عوام مسلسل خوار ہوتے جا رہے ہیں  انہوں نے کہا کہ عوام کو ضروریات زندگی سے محروم کرنا کسی صورت درست اقدام نہیں ہے جس کے خلاف عوام کے ساتھ ملکر بھرپور احتجاج کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ پشاور کے دیگر علاقوں میں بھی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا حرام کر رکھا ہے اور دوسری طرف رمضان کی آمد آمد بھی ہے تو اگر فوری طور پر غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ نہ کیا گیا اور پشاور کے عوام کو اس عذاب سے چھٹکارا نہ دلایا گیا تو عوامی سیلاب سڑکوں پر نظر آئے گا۔