لاہور اپریل 28(ٹی این ایس) چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار نے لاہور میں مینٹل اسپتال کا دورہ کیا اورمریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے آج صبح لاہور میں مینٹل اسپتال کا دورہ کرنے پہنچے اور اس دوران انہوں نے اسپتال انتظامیہ کی جانب سے مریضوں کو فراہم کی جانے والی ادویات وسہولیات کا جائزہ لیا اور مریضوں کی عیادت کی۔
چیف جسٹس آف پاکستان نے دورے کے دوران اسپتال کے وارڈز، میڈیکل اسٹور اور اسپتال کے کچن کا بھی معائنہ کیا، چیف جسٹس کے پہنچے پرکچن سے گندگی صاف کرنا شروع کی گئی، لوگوں نے کچن میں گندگی پرشکایات کے انبارلگا دیے۔مینٹل اسپتال کے دورے کے دوران ملازمین چیف جسٹس آف پاکستان کے سامنے رو پڑے، ملازمین نے کہا کہ کافی عرصے سے کام کررہے ہیں، مستقل نہیں کیا جا رہا جس پرچیف جسٹس نے ملازمین کوانصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔چیف جسٹس ثاقب نثار نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق سے کہا کہ خواجہ صاحب آپ پیچھے پیچھیکیوں ہیں، آگے آکربتائیں مریض شکایت کررہے ہیں۔خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار نے مینٹل اسپتال میں خالی اسامیوں اور بدانتظامی پرازخود نوٹس لیا تھا، چیف جسٹس نے اسپتال انتظامیہ اور محکمہ صحت سے جواب طلب کررکھا ہے۔