بھارت نے پاکستان سے ہجرت کرجانیوالے لاکھوں پناہ گزینوں کو مالکانہ حقوق دے دیئے

 
0
447

بنکاک اپریل 28(ٹی این ایس)برصغیر کی تقسیم کے نتیجے میں ہندو مسلم فسادات سے بچنے کے لیے پاکستان سے ہجرت کرکے بھارتی ریاست مہاراشٹر میں پناہ لینے والے لاکھوں پناہ گزینوں کو 70 برس بعد زمین کے مالکانہ حقوق سرکاری سطح پر تفویض کردئیے گئے۔بھارتی ٹی وی کے مطابق1947 میں برطانوی راج کے خاتمے کے بعد دونوں ممالک کے قیام کے اعلان کے ساتھ بڑے پیمانے پر ہندو مسلم فسادات پھوٹ پڑے تھے، جس کے نتیجے میں تقریباً 30 لاکھ افراد سندھ اور پنجاب کے علاقوں سے ہجرت کرکے بھارت منتقل ہوئے تھے۔ہجرت کرکے بھارتی ریاست مہاراشٹر میں سکونت اختیار کرنے والے مہاجرین حکومت کے قائم کردہ 30 کے قریب کیمپوں اور کالونی میں رہائش پذیر ہیں، جہاں ان کے مکانات فروخت یا دوبارہ تعمیر کرنے کے اختیارات نہ ہونے کے برابر تھے۔تاہم اب حکومت کی جانب سے کچھ علاقوں میں مہاجرین کو مالکانہ حقوق تفویض کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔اس موقع پر مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندرا فدناویز نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان اختیارات کے دیے جانے کے بعد اب مہاجرین اپنے گھروں کو فروخت اور تعمیر کر سکیں گے جن میں وہ 6 دہائیوں سے رہائش پذیر ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ تقسیم کے نتیجے میں سندھ اور پنجاب سے آنے والے 5 ہزار خاندان پانچ علیحدہ علیحدہ کالونی میں رہائش پذیر ہیں، جن میں سے زیادہ تر مکانات کی حالت خاصی مخدوش ہے، اور انہیں دوبارہ تعمیر کرنے کی ضرورت ہے۔