آئندہ مالی سال کیلئے وسائل کی دستیابی کو مدنظر رکھ کر ترقیاتی فنڈز مختص کیے جائیں،وزیراعلیٰ سندھ

 
0
434

کراچی ،اپریل 28(ٹی این ایس): وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے آئندہ مالی سال 19-2018 کے بجٹ کیلئے ترقیاتی پروگرام سے متعلق صوبائی محکمہ خزانہ و منصوبہ بندی و ترقیات کو ہدایات کی ہیں کہ آئندہ مالی سال کیلئے وسائل کی دستیابی کو مدنظر رکھ کر ترقیاتی فنڈز مختص کیے جائیں۔انہوں نے یہ ہدایات وزیراعلی ہاس میں محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات اور محکمہ خزانہ کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں جاری کردہ فنڈز سے متعلق پالیسی فیصلہ ، اسکیموں پر مقررہ مدت میں عملدرآمد اور کام کے معیار کو یقینی بنانے جیسے امور پر غور کیا گیا ۔

وزیراعلی سندھ نے وزیر منصوبابندی و ترقیات سعید غنی اور چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد وسیم کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نئے مالی سال میں ترقیاتی اسکیموں کا تھرو فارورڈ کم کیا جائے۔ اجلاس میں وزیر منصوبابندی و ترقیات سعید غنی، چیئرمین منصوبابندی و ترقی محمد وسیم، وزیراعلی سندھ کے پرنسپل سیکریٹری سہیل راجپوت، محکمہ خزانہ و پی اینڈ ڈی کی سینئر حکام و ماہرین نے شرکت کی۔ وزیراعلی سندھ کو اجلاس میں متعلقہ محکموں نے موجودہ اور آئندہ کے اے ڈی پی کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔