فرانسیسی ریلوے ملازمین کی  تنخواہوں میں اضافے کے لیے دوبارہ ہڑتال، فرانس اور سوئٹزر لینڈ کے درمیان ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوگئی

 
0
475

پیرس،اپریل  29 (ٹی این ایس):  فرانس میں ریلوے ملازمین نے تنخواہوں میں اضافے کے لیے دوبارہ ہڑتال کردی،جس کے باعث فرانس اور سوئٹزر لینڈ کے درمیان ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوگئی ۔ ذرائع کے مطابق ریلوے کی ہائی اسپیڈ سروس ’ٹی جی وی‘کے نصف شیڈول متاثر ہوئے۔

اس ضمن میں پیرس سے زیوریخ، جنیوااور لانسینی تک کے لیے 6ٹرینیں روانہ نہ ہوسکیں۔ اس کے علاوہ 5مختلف علاقوں کی ٹرینوں کی آمد ورفت معطل ہوگئی۔ ریلوے ملازمین نے دھمکی دی ہے کہ اگر مطالبات پر عمل نہ کیا گیا تو 30جون کے بعد ہرہفتے 2سے 5دن تک کی ہڑتال کی جاسکتی ہے ۔ دوسری جانب ریلوے کمپنی ’ایس این سی ایف ‘کا کہنا ہے کہ حالیہ احتجاج میں کمی کا رجحان دیکھنے میں آیاہے ۔ ہڑتال کی ابتدا میں 48فیصد ملازمین نے اس میں حصہ لیا ،جب کہ اب صرف 28فیصد لوگ اس میں شریک ہیں ۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس احتجاج میں ریلوے ملامین کے ساتھ دیگر تنظیمیں بھی شامل ہوگئی ہیں۔ فرانسیسی صدر میکروں نے 46ارب یورو کے قرض میں دبی ریلوے کمپنی میں اصلاحاتی پروگرام طے کیا تھا،جس پر ملازمین سراپا احتجاج ہیں۔ واضح رہے کہ روں ماہ کی ابتدا میں فرانسیسی صدر عمانویل میکروں نے ایک لاکھ ریلوے ملازمیں کو نکالنے کا اعلان کیاتھا ،جس کے خلاف ملازمین 3ماہ تک ہڑتال کا اعلان کردیا تھا۔