سیکرٹری بلدیات سندھ کے پرسنل سیکرٹری رمضان سولنگی نے دوران تفتیش کرپشن میں ملوث افسران کے نام بتا دیئے

 
0
534

کراچی مئی 5(ٹی این ایس )سیکرٹری بلدیات سندھ کے پرسنل سیکرٹری رمضان سولنگی نے دوران تفتیش کرپشن میں ملوث افسران کے نام بتا دیئے ہیں۔دوران تفتیش انہوں نے بتایا کہ ڈی ایم سیز محکمہ بلدیات کو ماہانہ کروڑوں روپے بھتہ دیتی ہیں۔ذرائع کے مطابق نیب کی زیرِ حراست رمضان سولنگی نے محکمہ بلدیات میں ہونے والی کرپشن میں ملوث اہم افراد کے نام بتادیئے ہیں ۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ڈی ایم سی جنوبی سے ہر ماہ ایک کروڑ روپے آتے ہیں، ڈی ایم سی ویسٹ سے ماہانہ ساڑھے تین کروڑ روپے جمع کرائے جاتے ہیں ، سندھ کی ہر ڈسٹرکٹ کونسل اور میونسپل کمیٹی سے ماہانہ لاکھوں روپے آتے ہیں ۔رمضان سولنگی نے بتایا کہ وزیر بلدیات کے فرنٹ مین کے نام پر مختلف کاغذی کمپنیاں قائم ہیں ۔ ٹی ایم او، انجینئر اور اکاؤنٹنٹ ایم پی ایز کی سفارش پر لگائے جاتے ہیں ۔ افسران کی تعیناتی لوکل گورنمنٹ بورڈ کے سیکرٹری انیس دستی کے ذمے تھی، جنہیں حال ہی میں ڈی سی حیدرآباد تعینات کیا گیا ہے ، وزیر بلدیات نے انیس دستی کو اہم ٹاسک دے کر حیدرآباد بھیجا ہے ۔یاد رہے کہ رمضان سولنگی کو نیب نے 19 اپریل کو حراست میں لیا تھا ۔ ملزم کے گھر سے تین کروڑ 15 لاکھ مالیت کی نقد ملکی وغیر ملکی کرنسی، 18 لاکھ 43 ہزار کے پرائز بانڈ، 100تولے سونے کی سلاخیں، زیورات، قیمتی گھڑیاں اور دوسرا قیمتی سازوسامان برآمد ہوا تھا۔