سپریم کورٹ نے بحریہ ٹاؤن کراچی رہائشی منصوبے کو غیر قانونی قرار د ےدیا

 
0
569

اسلام آباد مئی 5(ٹی این ایس)سپریم کورٹ نے بحریہ ٹائون کی زمین الاٹمنٹ اور تبادلہ غیرقانونی قرار دیتے ہوئے بحریہ ٹاؤن کراچی کورہائشی و کمرشل پلاٹوں، عمارات کی فروخت سے روک دیا۔ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے بحریہ ٹاؤن کراچی کو دی گئی گیارہ ہزار ایکڑ اراضی سے متعلق کیس میں جسٹس اعجاز افضل خان، جسٹس مقبول باقر اور جسٹس فیصل عرب پر مشتمل 3 رکنی بینچ نے زمین کی الاٹمنٹ اور تبادلہ غیرقانونی قرار دے دیا۔

 ٹی این ایس نے فیصلے کی کاپی حاصل کر لی ہے جس کے مطابق سپریم کورٹ نے کہا  ہے کہ بحریہ ٹاؤن کراچی رہائشی وکمرشل پلاٹس فروخت نہیں کرسکتی ۔ بحریہ ٹاؤن کے ساتھ زمین کا تبادلہ قانون کے مطابق کیا جاسکتا ہے۔ زمین کے تبادلے کی شرائط اور قیمت عملدرآمد بنچ طے کرے گا۔عدالت کے علم میں آیا ہے کہ ڈی ایچ اے کو کوڑیوں کے بھاؤ زمین دی گئی۔سپریم کورٹ نے ایم ڈی اے کی زمین کی غیر قانونی الاٹمنٹ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے فیصلے میں کہا کہ تین ماہ میں ملوث افراد کیخلاف تحقیقات کرکے ریفرنس دائر کیا جائے۔ چیف جسٹس فیصلے پر عملدرآمد کیلئے خصوصی بنچ تشکیل دیں گے۔فیصلے کے مطابق کئی الاٹیز نے تاحال رقم جمع نہیں کروائی،تمام الاٹیز بقیہ رقم سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کے اکائونٹ میں جمع کرائیں۔ عدالت نے ایڈیشنل رجسٹرارکو کراچی رجسٹری میں الاٹیز کیلئے خصوصی اکائونٹ کھولنے کی ہدایت کردی۔

سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے اپنے فیصلے میں مزید کہا ہے کہ ڈی ایچ اے کو بھی کوڑیوں کے بھاؤ زمین دی گئی، چیف جسٹس نوٹس لیں۔سپریم کورٹ کے فیصلے پر بحریہ ٹاؤن انتظامیہ نے ابتدائی طور پر کوئی موقف دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وکلا سے مشاورت کے بعد ہی اس بارے میں کچھ کہا جائے گا۔بحریہ ٹاؤن کراچی کی انتظامیہ نے عدالتی فیصلے پر اپنا رد عمل دینے سے انکار کردیا۔ رہائشی اسکیم کے ایک نمائندے کا کہنا ہے کہ ہم فی الحال اس پر کوئی بیان نہیں دے سکتے، اپنے قانونی ماہرین سے مشورے کے بعد ہی اس پر بات کی جائے گی۔بحریہ ٹاؤن کے ایک مجاز پراپرٹی ڈیلر نے بتایا کہ اسکیم میں پلاٹس کی خرید و فروخت پر پابندی سے متعلق اس کے پاس ایسی کوئی اطلاع نہیں۔اس کا کہنا ہے کہ ہمیں اس حوالے سے بحریہ ٹاؤن انتظامیہ کی جانب سے کوئی ہدایات نہیں ملیں، ہم گزشتہ روز تک خرید و فروخت کرتے رہے ہیں۔ڈیلر نے مزید کہا کہ عدالتی فیصلہ املاک پر بہت برا اثر ڈالے گا، پہلے ہی قیمتیں گر رہی ہیں۔