مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف لندن چلے جائیں گے، نواز شریف کے لندن جانے کے بعد اپوزیشن کی احتجاج کی کال ختم ہو جائے گی۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ہمایوں اختر

 
0
533

اسلام آباد مئی 17 (ٹی این ایس): نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ہمایوں اختر نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف لندن چلے جائیں گے اور ان کے لندن جانے کے بعد اپوزیشن کی احتجاج کی کال ختم ہو جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے دور میں ڈالر85 روپے پر گیا،اسحاق ڈار کو 105 کا فیگر بہت پسند تھا، اسحاق ڈار دور سے روپے کی قدر گرتی ہی جارہی ہے۔
آئی ایم ایف پروگرام کے بعد آج بھی وہی ہورہا ہے جوماضی میں ہوتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ اس آئی ایم ایف پروگرام کے بعد نتیجہ خیزاقدامات کریں، آئی ایم ایف پروگرام کی تفصیلات جلد سامنے آجائیں گی۔ ہمایوں اختر نے کہا کہ میراخیال ہے کہ بجٹ سے پہلے چین سے بھی مدد لینا پڑے گی ، آئی ایم ایف پروگرام کی بدولت دفاعی بجٹ میں کمی کا بھی ادراک ہے ، روپے کی قدرمیں کمی پرحقیقی مؤثر شرح مبادلہ کا فیکٹر مد نظر رکھا جائے گا۔
پروگرام میں گفتگو کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ہمایوں اختر نے بڑا انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ میرے خیال میں نوازشریف لندن چلے جائیں اور احتجاج کی کال واپس ہوجائے گی۔ جس پر میزبان ارشد شریف کے سوال پر انہوں نے دوبارہ کہا کہ آپ دیکھیں گے کہ میاں نواز شریف لندن چلے جائیں گے۔ کیونکہ وہ لندن جانے کے لیے سپریم کورٹ سے اجازت لینے گئے ہیں ۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اس وقت کوٹ لکھپت جیل میں موجود ہیں لیکن انہوں نے علاج کی غرض سے لندن جانے کی اجازت حاصل کرنے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔ سیاسی حلقوں میں اس حوالے سے چہ مگوئیاں ہو رہی ہیں کہ جلد ہی نواز شریف ڈیل فائنل کر کے رہا ہو جائیں گے اور لندن روانہ ہو جائیں گے جبکہ اب حکومتی جماعت کے رہنما نے بھی اس حوالے سے انکشاف کر دیا ہے۔