لاہور6مئی(ٹی این ایس )پاکستان تحریک انصاف وسطی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات اور رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر مراد راس نے کہا ہے کہ دھاندلی سے اقتدار میں آنے والے انتخابی منشور دینے سے گریزاں اور تحریک انصاف کی طرف سے سب سے پہلے عوام کے سامنے منشور رکھنے کو ہدف تنقید بنا رہے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کے 11 نکاتی منشور پر تنقید عوام دشمنی ہے جو لوگ تحریک انصاف کے منشور پر تنقید کر رہے ہیں انہیں عوام کے مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگی حکومت نے عوام کے مسائل میں اضافہ کر دیا ہے اور غربت ختم کرنے کی بجائے غریب مکاؤ پالیسی پر عمل پیرا ہے ان کے اپنے طلسمی بچے بغیر کچھ کئے بیرون ملک اربوں کے مالک بن چکے ہیں جبکہ ملک و قوم کو آئی ایم ایف کے ہاتھوں یرغمال بنا رکھا ہے۔













