شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری

 
0
340

کراچی ،مئی06(ٹی این ایس):شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔جس کے باعث شہریوں میں اشتعال پایا جاتا ہے۔ جبکہ احتجاج کا سلسلہ بھی جاری ہے،تفصیلات کے مطابق ہفتے کے روزسرجانی کے علاقے گلشن سرجانی میں علاقہ مکینوں کی کثیر تعداد نے جمع ہوکر شدید گرمی میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین میں عورتیں اور بچے بھی موجود تھے۔ مشتعل افراد نے پرانا سامان روڈ پر نذر آتش کیا جس سے ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی، مظاہرین کا کہنا تھا کہ گزشتہ تین دنوں سے جیسے ہی گرمی کی شدت زیادہ ہوئی ہے۔ اسکے بعد سے ہی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ شروع ہوگئی ہے اور کئی کئی گھنٹے گزرجانے کے باوجود علاقے میں بجلی کی فراہمی نہیں ہوتی ۔جس سے عورتیں، بچے اور بزرگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے،دوسری جانب صدر لکی اسٹار کے قریب علاقہ مکینوں نے بجلی اور پانی کی عدم فراہمی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور روڈ کو بلاک کردیا جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔