مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات ، واقعات میں 5 افراد جاں بحق ایک زخمی

 
0
457

اسلام آباد ،مئی06(ٹی این ایس):مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات اور واقعات میں 5 افراد جاں بحق ایک زخمی ہوگیا، ایک شخص کی لاش ملی، تفصیلات کے مطابق اتحاد ٹائون تھانے کی حدود بلدیہ ٹائون اے 25بس اسٹاپ کے قریب گھر میں کھیل کے دوران کرنٹ لگنے سے ڈھائی سالہ ماہین بانو بے ہوش ہو گئی جس کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ، ڈاکٹرز نے معائنے کے بعد موت کی تصدیق کردی ،سرجانی ٹائون میں رہائشی عمارت کی تعمیر کے دوران کرنٹ لگنے سے 22سالہ نوید جاں بحق ہو گیا، پولیس کے مًطابق متوفی مزدور تھا، علاوہ ازیں شریف آباد کے علاقے ایف سی ایریا گول مارکیٹ کے قریب ٹریفک حادثے میں 16سالہ بیب ولد شربتی شدید زخمی ہو گیا جس کو فوری طور پر عباسی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر اس نے دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہو ئے دم توڑ دیا ،ملیر لنک روڈ ٹول پلازہ کے قریب نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر 36سالہ خان محمد جاں بحق ہو گیا جس کی لاش عباسی اسپتال لائی گئی،سپر ہائی وے پر ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل سوار 30 سالہ ابراہیم ولد گل خان جاں بحق اور اس کا بھائی 25 سالہ محمد خان زخمی ہو گیا، دریں اثنامنگھو پیر کے علاقے نورانی ہوٹل کے قریب 36سالہ عظیم جان ولد تاج شاہ کی لاش ملی، پولیس نے لاش کو تحویل میں لینے کے بعد عباسی اسپتال منتقل کردیا ،متوفی حب چوکی کا رہائشی تھا ،پولیس نے بتایا کہ ڈاکٹرز نے وجہ موت طبعی قرار دی ہے۔