پنجاب اور کے پی کے میں اتنی نشستیں ہونگی جس سے وفاقی حکومت بناسکیں: عمران

 
0
270

امپائر صرف ایک ہی ہے اور وہ اللہ ہے: چیئرمین تحریک انصاف۔
کراچی جولائی 4 (ٹی این ایس) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے دعویٰ کیا ہےکہ ان کے پاس پنجاب اور خیبرپختونخوا میں اتنی نشستیں ہوں گی جو وفاقی حکومت بنانے کے لیے کافی ہوں گی۔کراچی میں بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کبھی اپنے مخالف کو کمزور نہ سمجھیں، کرکٹ کی زبان میں کہاجاتا ہے کہ جب تک آخری گیند نہ ہوجائے تو فیصلہ نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ امپائر صرف ایک ہی ہے اور وہ اللہ ہے، پاکستان کے عوام تبدیلی چاہتے ہیں، 30 سال سے دونوں جماعتیں باریاں لے رہی ہیں، لاہور کو جو پیرس بنانا تھا وہ سب قوم کے سامنے آگیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھاکہ کبھی ملک میں ایسی بیروزگاری نہیں تھی اور روپیہ ایسا نہیں گرا تھا، آج بنگلا دیش ہم سے آگے نکل چکا، برصغیر دنیا کا غریب ترین علاقہ ہے اور ہم اس میں بھی پیچھے رہ گئے ہیں، ملک کے ادارے تباہ کردیئے گئے۔عمران خان نے کہا کہ میرا ایمان ہے لمبی اندھیری رات ختم ہونے والی ہے، اقتدار میں آنے کے لیے کراچی سے الیکشن لڑنے کی ضرورت نہیں تھی کیونکہ خیبرپختونخوا اور پنجاب میں ہماری جو پوزیشن ہے اس میں وفاقی حکومت بنانے کےلیے کافی نشستیں ہوں گی لیکن کراچی کے بغیر پاکستان عظیم نہیں بن سکتا، کراچی سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ اس وجہ سے کیا کہ کراچی جب تک نہیں اوپر نہیں آئے گا، تبدیلی نہیں آئے گی، ہمارے پاس کراچی کو اٹھانے کا پلان ہے۔چئیرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ چھ چھ باریاں لےکر پولیس ٹھیک نہیں کرسکے، رینجرز اور فوج سے پولیس کا کام نہیں لیا جاسکتا ، ان لوگوں نے پولیس فورس تباہ کردی۔عمران خان نے الزام لگایا کہ شہبازشریف پولیس کےذریعے لوگ مرواتے رہے، ماڈل ٹاؤن میں پولیس کے ذریعے قتل کرائے، ایسا دنیا میں کہیں نہیں ہوتا، راؤ انوار نے 440 ماورائے عدالت قتل کیے۔واضح رہےکہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اپنی انتخابی مہم کے سلسلے میں کراچی کے دو روزہ دورے پر ہیں، وہ آج پی ٹی آئی کی پہلی قومی ہاؤسنگ اسکیم کا اعلان کریں گے۔