چیف جسٹس اصغر خان کیس میں اس وقت کے آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی کی سزا خود متعین کریں: جعفر اقبال

 
0
354

چئیرمین نیب بھی اپنے مستقبل کے بارے میں فیصلہ خود کریں: پارلیمنٹ ہا ؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد، مئی 09 (ٹی این ایس): پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رکن قومی اسمبلی چوہدری جعفراقبال نے کہا ہے کہ چیف جسٹس اصغر خان کیس میں اس وقت کے آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی کی سزا خود متعین کریں، نواز شریف پر جھوٹے الزامات کے بعد چئیرمین نیب اپنے مستقبل کے بارے میں فیصلہ خود کریں، جو ادارے احتساب اور پارسائی کا دعویٰ کر رہے ہیں قوم ان کا اصلی چہرہ اور عزائم دیکھ چکی ہے، وقت ثابت کرے گا کہ پہلے کی طرح اس بار بھی میاں صاحب پر بنائے مقدمے جھوٹے ہیں۔

وہ بدھ کو پارلیمنٹ ہا ؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا ہے کہ نواز شریف پر چئیرمین نیب کی جانب کے جھوٹے الزامات پر بہت افسوس ہے۔ 2016 میں جب ایسی خبر آئی تھی سٹیٹ بینک نے اسی وقت ہی اس خبر کی تردید کر دی تھی۔ اس الزام سے ایک بات ثابت ہوگئی کی بہت سے ادارے جو احتساب اور پارسائی کا دعویٰ کر رہے ہیں قوم ان کا اصلی چہرہ اور عزائم دیکھ چکی ہے۔

چئیرمین نیب اپنے عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے چند دن کے بیانات دیکھیں اور پھر اپنے مستقبل کے بارے میں فیصلہ خود کریں۔ چیف جسٹس اس وقت ملک کے بیشتر فیصلے کر رہے ہیں اور صحت، تعلیم کے حوالی سے خود احکامات جاری کر رہے ہیں تو اصغر خان کیس میں بھی چیف جسٹس صاحب کو خود فیصلہ کرنا چاہیے اور یہ معاملہ حکومت کے کندھے پر نہ ڈالیں۔ چیف جسٹس اصغر خان کیس میں اس وقت کے آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی کی سزا خود متعین کریں۔ میاں نواز شریف 6ماہ سے عدالتوں میں پیشیاں بھگت رہے ہیں لیکن وقت ثابت کرے گا کہ پہلے کی طرح اس بار بھی میاں صاحب پر بنائے مقدمے جھوٹے ہیں۔