حکومت نے پارلیمنٹ کو اہمیت نہیں دی جس کی وجہ سے آج سارے سیاست دان غیر محفوظ ہو چکے ہیں،خورشید شاہ

 
0
498

اسلام آباد مئی 10(ٹی این ایس)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ حکومت سے بار بار مسائل پر مل بیٹھ کر بات کرنے کا کہا لیکن حکومت نے پارلیمنٹ کو اہمیت نہیں دی جس کا نتیجہ یہ ہے کہ آج سارے سیاست دان غیر محفوظ ہو چکے ہیں ۔قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ حکومت کو اب پارلیمنٹ یاد آرہی ہے جب چڑیاں چگ گئیں کھیت، اندھے گھوڑے نے آپ کو کھائی میں گرادیا ہے۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ بے نظیر بھٹو پاکستان کی ہی نہیں دنیا کی لیڈر تھیں، ان جیسی بڑی لیڈر کی جائے شہادت کو کیوں صاف کیا گیا تھا۔ خورشید شاہ نے کہا کہ ملک کا سیاسی نظام سیاسی جماعتوں پر مشتمل ہے ۔ جب ملک میں سیاسی جماعتیں نہ ہوں تو آمریت ہوتی ہے ۔وہ کسی ایک جماعت کی نہیں، عوام کی لیڈر تھیں ۔ انہیں پہلے پاکستاں آنے سے روکا گیا تھا اور جب وہ وطن واپس آئیں تو انہیں شہید کر دیا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ ایک حملہ پرویز مشرف پر بھی ہوا تھا جس کے بعد اس جگہ کو چار روز بند رکھا گیا وہاں سے چپ ملی جس سے دہشتگردوں کا سراغ ملا اور کیس کے مجرموں کو سزائے موت بھی ہو گئی لیکن بی بی کی شہادت کے فورا بعد جائے وقوعہ کو دھویا گیا اور جائے حادثہ سے کوئی خاص ثبوت اکھٹے نہیں کیے گئے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ بےنظیر بھٹو کے کیس میں ملزمان نامزد بھی ہوئے ۔ افسوس کا مقام ہے کہ ملزمان کو چھوڑ دیا گیا جو پیغام ہے کہ عوامی لیڈروں کے قاتلوں کو چھوڑ دیا جائے گا ۔ خورشید شاہ نے کہا کہ سیاسی رہنما ساری عمر جہدو جہد کرتے ہیں ۔ جب وہ قتل ہوتے ہیں تو کوئی پوچھتا تک نہیں اگر چھپ بیٹھ گئے ڈر ہے کہ سیاستدان ایک ایک کر کے مارے جائیں گے اور کوئی ہم ہر رونے والا بھی نہیں ہو گا۔ خورشید شاہ نے کہا ملک میں پانی کی ایمرجنسی نافذ کی جائے ۔ پانی پر اجلاس بلا کر صورتحال سامنے رکھی جائے ۔