سٹی گرامر سکول کا ایک سال کام کرنے کے باوجود ٹیچر کو سکول چھوڑنے پر تنخواہ اور دیگر واجبات ادا کر نے سے انکار

 
0
394

راولپنڈی، مئی 10(ٹی این ایس):  سٹی گرامر سکول نے ایک سال کام کرنے کے باوجود ٹیچر کو سکول چھوڑنے پر آخری ماہ کی تنخواہ ،سکیورٹی اور دیگر بقایاجات دینے سے انکار کر دیا ،معلمہ نگہت شریف نے سی ای او حمیرا مشتاق کے خلاف لیگل نوٹس بھجوا دیا۔معلمہ نگہت شریف کے وکیل سردار منظر بشیر ایڈووکیٹ کی جانب سے بھجوائے گئے لیگل نوٹس میں کہا گیا ہے کہ مارچ 2018ء کی تنخواہ ٗسیکیورٹی فنڈ اور دیگر بقایا جات جو 50ہزار روپے بنتے ہیں ان کی واپسی اور سکول انتظامیہ کے ہتک آمیز رویے کے خلاف ایک لاکھ روپے ہرجانے کا دعویٰ کیا گیا ہے ۔ لیگل نوٹس میں سی ای او حمیرا مشتاق کو کہا گیا ہے کہ وہ یہ واجبات فوری طور پر ادا کریں بصورت دیگر قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ٹیچر نگہت بشیر نے ایک سال کے دوران سکول میں انتہائی محنت سے کام کیا اور ان کے خلاف کوئی شکایت نہیں تھی لیکن سکول انتظامیہ کے وعدے کے مطابق تنخواہ میں خاطر خواہ اضافہ نہ کرنے پر انہوں نے سکول چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔معلمہ نگہت کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ دس برس سے ٹیچنگ کے شعبے سے وابستہ ہیں اور انہوں نے اپنے فرائض ہمیشہ دیانتداری اور لگن سے انجام دیئے لیکن سکول ہذا کی انتظامیہ کی جانب سے ان سے کئے گئے وعدے پورے نہیں کئے گئے اور تنخواہ کا تقاضا کرنے پر ان سے انتہائی ہتک آمیز رویہ اختیار کیا گیا ۔