پشاورکے ہوٹل میں دھماکا، 5 افراد جاں بحق

 
0
295

پشاورمئی 11(ٹی این ایس): پشاور کے علاقے بلال ٹاؤن میں واقع ہوٹل میں دھماکے کے نتیجے میں ایک ہی گھرانے کے 5 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔
بلال ٹاؤن کے آفندی ہوٹل کی پانچویں منزل پر گیس سلنڈر کا دھماکا ہوا جہاں قیام کرنے والے ہنگو سے تعلق رکھنے والے ایک ہی گھرانے کے 5 افراد جاں بحق ہوگئے جن میں کامران، اس کی بیوی، والدہ اور دو بچے شامل ہیں جب کہ زخمی ہونے والے دو بچے کامران کے بھتیجے ہیں۔ سی سی پی او پشاور جمیل الرحمان نے میڈیاکو بتایا کہ متاثرہ خاندان ہنگو سے علاج کی غرض سے پشاور آیا تھا اور ہوٹل میں قیام پذیر تھا جب کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے دونوں بچے بھائی ہیں۔

سی سی پی او پشاور کے مطابق ہوٹل کی پانچویں منزل پر کمرہ نمبر 408 میں دھماکا ہوا جس کے باعث گھر میں آگ لگی اور ملبہ گرنے سے ہوٹل سے نیچے کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ دوسری جانب بم ڈسپوزل یونٹ نے موقع پر پہنچ کر جائے وقوعہ کا معائنہ کیا جس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے انچارج بم ڈسپوزل یونٹ اے آئی جی شفقت ملک کا کہنا تھا کہ دھماکا بارودی مواد کا نہیں گیس سلنڈر کا تھا اور جائے وقوعہ سے دھماکا خیز مواد کے کوئی شواہد نہیں ملے۔اے آئی جی شفقت ملک نے مزید کہا کہ متاثرہ فیملی کی جانب سے کچھ پکانے کے لیے سلنڈر جلایا گیا تو دھماکا ہوا اور آگ لگنے کے باعث زیادہ نقصان ہوا۔