تربیلا ڈیم ٹرانسفارمر اوورلوڈ، وارسک ڈیم سے پیداوار بند، کیپی میں بجلی فراہمی متاثر

 
0
280

پشاور08 جون (ٹی این ایس) تربیلا ڈیم کے ٹرانسفارمر اوور لوڈ ہونے اور وارسک ڈیم سے بجلی کی پیداوار بند ہونے کے باعث صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور، ایبٹ آباد اور مردان کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے جس کے بعد پشاور کے علاقے فقیر کالونی میں گزشتہ رات بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج کیا گیا۔مظاہرین نے سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کردیا اور حکام کے خلاف نعرے لگائے۔دوسری جانب پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) کے حکام کے مطابق تربیلہ ڈیم کے پاور ٹرانسفارمرز پر شدید لوڈ ہے، جس کی وجہ سے مردان اور ہری پور میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے اور ان علاقوں میں اوور لوڈنگ کے باعث عوام کو باربار کی ٹرپنگ اور کم وولٹیج کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔حکام نے بتایا کہ وارسک ڈیم سے بجلی کی پیداوار بند ہوگئی ہے، جس کے نتیجے میں پشاور اور ملحقہ علاقوں میں بھی بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔تربیلا ڈیم کے پاور ٹرانسفارمر اوور لوڈ ہونے اور وارسک ڈیم کی جنریشن بند ہونے کے باعث پشاور، ایبٹ آباد اور مردان کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔