چاروں صوبوں کے آئی جیز اور چیف سیکریٹریز تبدیل

 
0
348

اسلام آبادجون 13(ٹی این ایس) نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں عام انتخابات سے قبل اعلیٰ سطح پر تقرر و تبادلوں میں چاروں صوبوں کے آئی جیز اور چیف سیکریٹریز کو تبدیل کردیا گیا جبکہ وفاقی کابینہ نے تقرریوں اور تبادلوں کی منظوری کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا۔وفاقی کابینہ کے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق انسپکٹر جنرل پولیس سندھ اے ڈی خواجہ کی جگہ امجد سلیمی کو نیا آئی جی لگانے کی منظوری دی گئی ہے۔پنجاب میں عارف نواز کی جگہ کلیم امام کوجبکہ خیبرپختونخوا میں صلاح الدین محسود کا تبادلہ کرکے محمد طاہر کو نیا آئی جی تعینات کیا گیا ہے۔اسی طرح آئی جی بلوچستان معظم جاہ انصاری کی جگہ محسن بٹ کو نیا آئی جی لگانے کی منظوری دی گئی ہے۔اس کے علاوہ جودت ایاز کو اسلام آباد کا چیف کمشنر اور جان محمد کو آئی جی اسلام آباد لگایا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب میں ایڈیشنل ہوم سیکریٹری کی ذمہ داریاں انجام دینے والے اعظم سلمان چیف سیکریٹری سندھ تعینات کیے گئے ہیں اور وفاقی سیکریٹری اکبردارنی کو پنجاب کا چیف سیکریٹری لگایا گیا ہے۔نوید کامران بلوچ کو چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا،جب کہ ڈاکٹر اختر نذیر کو بلوچستان کا چیف سیکریٹری تعینات کیا گیا ہے۔وفاقی کابینہ کے اجلاس سے قبل نگران وزیراعظم اور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کے درمیان ملاقات بھی ہوئی جس میں اچھی شہرت کے حامل افسران کی تقرریوں پر اتفاق کیا گیا۔