کالعدم تنظیم کے مزید 82 کارکنان اڈیالہ جیل سے رہا

 
0
145

اسلام آباد 03 نومبر 2021 (ٹی این ایس): کالعدم تنظیم کے مزید 82 کارکنان کو اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا ، اب تک اڈیالہ جیل سے 132 کارکنان کو رہا کیا جاچکا ہے۔

حکومت کی جانب سے کالعدم تنظیم کے کارکنان کی رہائی کا سلسلہ جاری ہے، اڈیالہ جیل سے مزید بیاسی افراد کورہا کر دیا گیا‌۔

جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز 50 کارکنوں کو رہا کیا گیا تھا، اب تک اڈیالہ جیل سے 132 کارکنان کورہاکیاجاچکاہے، گزشتہ رات جہلم جیل سے کالعدم جماعت کے 74 کارکنان رہا کئے گئے تھے۔

دوسری جانب گوجرانوالہ میں معمولات زندگی بحال ہوگئی، مگرکالعدم تنظیم کے کارکناں نےوزیرآباد کا اللہ والاچوک اب تک خالی نہیں کیا، جس کےباعث لاہورسے اسلام آبادجی ٹی روڈ تاحال بند ہے، خندقیں بھی پُرنہیں ہوسکی ہیں۔

گجرات میں دریائے چناب ٹول پلازہ ٹریفک کیلئے کھل نہ سکا، دریائےچناب کےتینوں پلوں پرکنٹینراورپولیس کی بھاری نفری موجود ہےاور پیدل چلنے والوں کو شناخت کے بعد جانے کی اجازت دی جارہی ہیں۔

موٹر وے پولیس نے ہدایت کی ہے کہ گجرات سے لاہورجانےوالی گاڑیاں متبادل راستہ اختیارکریں۔

یاد رہے گذشتہ روز حکومت اور کالعدم تحریک لبیک کے درمیان طے پانے والے معاہدے پر عملدرامد کرتے ہوئے پنجاب میں حراست میں لیے جانے والے تحریک لبیک کے آٹھ سو ساٹھ کارکنوں کو رہا کردیا گیا تھا۔

محکمہ داخلہ کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں ان کارکنوں کو رہا کیا جائے گا جو براہ راست پرتشدد واقعات میں ملوث نہیں اور ان کے خلاف کسی قسم کا کوئی فوجداری مقدمہ درج نہیں ہے۔

ذرائع کے مطابق دوسرے مرحلے میں محکمہ داخلہ نے سولہ ایم۔ پی۔ او اور شیڈول فور کے تحت نظربند کئے جانے والوں کے کیسسز کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔