اسٹیٹ بینک نے سوسے زائد جبکہ پی ٹی سی ایل نے1500سے زائد امیدواروں کو نادہندہ قرار دے دیا

 
0
337

اسلام آباد، جون  14 (ٹی این ایس): الیکشن 2018 کی تیاریاں تیز ہوگئیں، سخت اسکروٹنی نے بڑے بڑے امیدواروں کی نیندیں اڑا دیں، اسٹیٹ بینک نے سوسے زائد جبکہ پی ٹی سی ایل نے1500سے زائد امیدواروں کو نادہندہ قرار دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق انتخابات 2018 کیلئے الیکشن کمیشن میں انتخابی امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال جاری ہے، جس میں بڑے بڑے نام شکنجے میں آگئے، اسٹیٹ بینک نے سو سے زائد اور پی ٹی سی ایل نے پندرہ سو چودہ امیدواروں کی ڈیفالٹر لسٹ جاری کردی ہے۔

اسٹیٹ بینک کی لسٹ کے مطابق حناربانی کھر، منظور احمد وٹو، فیصل واوڈا کے کاغذات نامزدگی پر نادہندہ کی مہرلگادی گئی جبکہ احمد شاہ کھگا، امجد خان، عاصم ارشاد، خالد مسعود، عبدالستار بچانی ، ذوالفقاربچانی اور امیروزیرچشتی کا نام شامل ہیں۔

نادہندہ لسٹ میں ایاز خان، چنگیز خان، اظہر کھوکھر،زینب احسن، عمرفاروق، مشتاق احمد،عاصم شاہ،علی ترکئی، چوہدری شکیل سمیت سوسے زائد نام سامنے آئے ہیں۔

ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ بینک نے 102امیدواروں کے ڈیفالٹر ہونے کا بتایا ہے۔

دوسری جانب پی ٹی سی ایل نے 1514 نادہندہ امیدواروں کی فہرست الیکشن کمیشن کو ارسال کردی ہے، جس میں 3ماہ سے 5 سال کے دوران بل ادا نہ کرنے والوں کو نادہندہ قرار دیا گیا۔

پی ٹی سی ایل کا کہنا ہے کہ ظفراللہ جمالی پر پی ٹی سی ایل کے ایک ہزار155روپے جبکہ مرادسعید کے ذمے 14ہزار روپے، فیصل کریم کنڈی پر21 ہزار ، اعجاز چوہدری پر 33 ہزار اور ظفرعلی پر 18 ہزار روپے واجب الادا ہیں، ان کے علاوہ حنیف عباسی، علیم خان ، منظوروٹو، عبدالقادر گیلانی، بلال یاسین، حافظ سلمان بٹ، نرگس فیض ملک بھی نادہندہ نکلے۔