فاروق ستار نے ایک بار پھر سندھ میں نئے صوبے بنانے کا مطالبہ کردیا

 
0
298

الیکشن سے قبل دھاندلی کا سلسلہ جاری ہے: رہنما ایم کیوایم پاکستان۔
کراچی14 جون (ٹی این ایس) ایم کیوایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے ایک بار پھر سندھ میں صوبے بنانے کا مطالبہ کردیا۔ایم کیوایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار کاغذات نامزدگی فارم کی اسکروٹنی کے لیے ریٹرننگ افسر کے سامنے پیش ہوئے تاہم ان کے کاغذات کی اسکروٹنی مکمل نہ ہوسکی۔ریٹرننگ افسر نے فاروق ستار کو بتایا کہ ان کے کاغذات کی اسکروٹنی عید کے بعد مکمل کی جائے گی، کاغذات کی تصدیق کے لیے کچھ وقت درکار ہوگا۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے سندھ میں نئے صوبے بنانے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی اب بھی سرکاری وسائل اور افسران کو استعمال کررہی ہے، الیکشن سے قبل دھاندلی کا سلسلہ جاری ہے، پری پول ریگنگ ہورہی ہے اور ہماری کوئی شنوائی نہیں ہورہی۔ایم کیوایم رہنما کا کہنا تھا کہ اس بار پر ایک مثالی مردم شماری ہونا تھی جس کے نہ ہونے سے سب سے زیادہ نقصان کراچی اور سندھ کے شہریوں کا ہے، یہاں لوگوں میں بے چینی اور غصہ ہے، ہم نے انہیں صبر کی تلقین کی ہوئی ہے۔فاروق ستار نے کہا کہ مردم شماری میں آبادی کم دکھائی گئی ہے، عوام کو حق نمائندگی سےمحروم کیا جارہا ہے، آئینی اور انتظامی اصلاحات نہیں کی گئیں تو الیکشن کا کوئی فائدہ نہیں۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھاکہ ہم ایم کیوایم پاکستان کے کارکن، ممبر اور رکن ہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے باوجود سمجھتا ہوں کہ سندھ میں ایم کیوایم کا ووٹ بینک تقسیم نہیں ہونا چاہیے۔