بحریہ ٹاون،،،اونچی دکان ، پھیکے پکوان

 
0
1114

کراچی جون19 (ٹی این ایس)ملک ریاض کے پاس دولت کی کوئی کمی نہیں اسکے باوجود بحریہ ٹاون انتظامیہ یہ ثابت کرنے میں مصروف ہے کہ جس کے پاس جتنی زیادہ دولت ہوتی ہے اسکی دولت کمانے کی ہوس بھی اتنی ہی بڑھتی چلی جاتی ہے اور یہی بحریہ ٹاون کرنے میں مصروف ھے ۔ سپر ہائی وے پر قائم بحریہ ٹاون میں ایک چڑیا گھر بھی قائم کیا گیا ھے ، جسے بحریہ ٹاون انتظامیہ کیجانب سے DANZOO کا نام دیا گیا ہے ۔ اول تو یہاں کوئی ایسا فرد یا فیملی پہنچ نہیں سکتے جن کے پاس اپنی ٹرانسپورٹ نہ ہو ، اگر آپ بس کے ذریعے بحریہ ٹاون کے گیٹ تک پہنچ بھی جائیں تو اندر DANZOO تک پیدل نہیں جاسکتے کیونکہ بحریہ ٹاون انتظامیہ نے اپنے چڑیا گھر تک لے جانے کیلئے کسی طرح کی شٹل سروس فراہم نہیں کی ھے ۔ اور جب آپ ذاتی ٹرانسپورٹ سے جاتے ہیں تو بحریہ ٹاون کی انٹرنس (داخلہ گیٹ) سے پہلے ہی ٹول ٹیکس کے نام پر بھتہ دینا پڑے گا ۔ اور پھر اندر داخل ہونے کے بعد تلاش کے بعد آپکو DANZOO نظر آئے گا ۔ یہاں آپ گیٹ سے پہلے لکھا پڑھیں گے کہ بڑوں کا ٹکٹ 450 روپے اور بچوں کا 250 روپے ۔ لیکن جب آپ ٹکٹ خریدنے کیلئے کاونٹر پر جائینگے تو آپ سے 450 کے بجائے 500 اور بچوں کا ٹکٹ 250 کے بجائے 300 کا ٹکٹ خریدنا پڑے گا ۔ ٹکٹ خرید کر جب آپ گیٹ پر پہنچیں گے اور وہاں کھڑے ٹکٹ چیکر کو ٹکٹ دینگے تو وہ آپکو مہذب انداز میں دھمکاتے ہوئے بتائے گا کہ یہ ٹکٹ آپ لے جاو ، اگر ٹکٹ گم ہوا تو آپکو فی ٹکٹ 200 روپے جرمانہ بھرنا پڑے گا ۔۔(گویا آدمی بحریہ ٹاون جاکر جرم کا مرتکب ہوتا ہے ) … ویسے جو بحریہ ٹاون مظلوموں کی گردنوں پر پاوں رکھ کر تعمیر کیا گیا ہو وہاں کا وزٹ کسی جرم سے کم بھی نہیں ، یہ اور بات کہ جو اس جرم کا احساس کرسکے ۔ اب آپ دھمکی دھونس سن کر جب اندر داخل ہونگے تو 50 روپے والی کون آئسکریم 90 روپے میں خرید کر احساس کمتری کو احساس برتری میں کچھ دیر کیلئے تبدیل ضرور کرسکتے ہیں ،، اب آپ گھومیئے اور خود کو کوسیئے کیونکہ پورے DANZOO میں آپکو بحریہ انتظامیہ کیجانب سے کہیں پربھی پینے کا ٹھنڈا پانی نصیب نہیں ہوگا ، آپ فلٹرڈ واٹر کو منرل واٹر سمجھ کر مہنگے داموں خرید کر پیاس ضرور بجھا سکتے ہیں ۔ اس سے آپکو بحریہ ٹاون انتظامیہ نہیں روکے گی۔ اگر ہلکی ہلکی بھوک کو ہلکا ہلکا ۔۔۔۔۔ ہلکاکرنے کیلئے چپس خریدنا ہوں تو ہر پیکٹ پر دس روپے زائد ادا کرکے آپ زر دار نظام کے ایک بڑے سرمایہ دار کو مضبوط بنانے میں اپنا موثر کردار ضرور ادا کرسکتے ہیں ۔۔ سرمایہ داروں کو اپنا خون پلانے کے بجائے اپنا وقت اور پیسہ بچایئے ، بحریہ کے بجائے چڑیا گھر کراچی یا سفاری پارک چلے جایئے ، اپنے آپ اور فیملی کو زحمت و خواری سے بچایئے ، بچوں کو ہاتھی دکھایئے ، جو بحریہ کے DANZOO میں نظر نہیں آئے گا ۔ اگر پیسہ زیادہ ہی خرچ کرنا ہو تو لاھور کے چڑیا گھر لے جائیے ، جسکا دسواں حصہ بھی بحریہ کا ZOO نہیں ھے ۔