اسلام آباد: نگران وزیراعظم کی الیکشن کمیشن آمد، انتخابی امور پر بریفنگ دی گئی

 
0
350

سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے نگران وزیراعظم کا استقبال کیا
اسلام آبادجون 21(ٹی این ایس) نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کی زیرصدارت الیکشن کمیشن میں اہم اجلاس ہوا جس میں الیکشن کمیشن حکام نےبریفنگ میں بتایا کہ الیکشن کمیشن شفاف، غیرجانبدار انتخابات کرانےکے لیے مکمل تیار ہے۔نگران وزیراعظم ناصر الملک اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے ہیڈ آفس پہنچے جہاں ان کی آمد کے موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔نگران وزیراعظم کی آمد سے کچھ دیر قبل ہی میڈیا نمائندوں اور سائلین کو دفتر سے باہر نکال دیا گیا تھا۔جسٹس (ر) ناصر الملک کی الیکشن کمیشن آمد پر سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے ان کا استقبال کیا۔الیکشن کمیشن میں نگران وزیراعظم کی سربراہی میں بند کمرہ اجلاس ہوا جس میں انہیں انتخابات کی تیاریوں، سیکیورٹی امور اور دیگر معاملات پر بریفنگ دی گئی۔
ذرائع کے مطابق نگران وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ عام انتخابات کے لیے کئی چیلنجز کا سامنا ہے لیکن الیکشن کمیشن شفاف، غیرجانبدار انتخابات کرانےکے لیے مکمل تیار ہے جب کہ قیام امن یقینی بنانے کے لیے انتخابات فوج کی نگرانی میں کرائے جارہے ہیں۔اس موقع پر نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بروقت شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنانا ہے۔