جنوبی وزیرستان میں آپریشن: 6 دہشت گرد ہلاک، پاک فوج کے 2 جوان شہید

 
0
341

راولپنڈی جون 23(ٹی این ایس)جنوبی وزیرستان ایجنسی کے علاقے لدھا کے قریب آپریشن ردالفساد کے تحت کارروائی کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز نے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 2 اہلکار بھی شہید ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے آئی ڈی پیز کے بھیس میں چند دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر گاؤں اسپینا میلہ میں کارروائی کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی میں 6 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جن میں مقامی عمائدین کے قتل میں ملوث انتہائی مطلوب دہشت گرد بھی شامل ہیں۔ترجمان کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں حوالدار رزاق خان اورحوالدار ممتاز حسین بھی شہید ہوئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں سے ہتھیار اور مواصلاتی آلات بھی برآمد ہوئے۔آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گرد افغانستان میں اپنے ہینڈلرز سے رابطے میں تھے۔