میرانشاہ میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی، 2 اہلکار شہید

 
0
452

راولپنڈی 11 جون 2020 (ٹی این ایس): پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی گاڑی میرانشاہ میں بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی، بارودی سرنگ دھماکے میں 2 سیکیورٹی اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق حملہ میرانشاہ میں سیکیورٹی دستوں کے معمول کے گشت کے دوران کیا گیا، شہدا میں صوبیدار عزیز، لانس نائیک مشتاق شامل ہیں۔

واضح رہے کہ رواں سال مئی میں بھی بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ میں فورسز کی گاڑی دیسی ساختہ بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی تھی جس کے نتیجے میں میجر ندیم اور 5 سپاہی شہید ہوگئے تھے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ دیسی ساختہ بارودی مواد سے فورسز کی گاڑی کو ہدف بنایا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ شہدا میں میجر ندیم عباس بھٹی، نائیک جمشید، لانس نائیک تیمور، لانس نائیک خضر حیات، سپاہی ساجد اور سپاہی ندیم شامل ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں پاک افغان سرحد کے قریب بارودی سرنگ پھٹنے سے ایک فوجی جوان شہید اور 4 زخمی ہوگئے تھے۔