عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے، نگران وزیراعظم ناصر الملک

 
0
329

اسلام آباد25 جون(ٹی این ایس) نگران وزیراعظم ناصر الملک نے واضح کیا ہے کہ عام انتخابات 2018 اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے اور جو مینڈیٹ انہیں دیا گیا ہے، وہ اسے مقررہ وقت پر پورا کریں گے۔وزیراعظم ہاؤس میں نگران وزیراعظم ناصر الملک کی زیرصدارت الیکشن انتظامات سے متعلق اجلاس میں چاروں نگران وزرائے اعلیٰ، چیف سیکریٹریز اور انسپکٹر جنرلز (آئی جیز) آف پولیس نے شرکت کی۔چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار رضا نے اجلاس کے شرکاء کو انتخابی انتظامات سے متعلق بریفنگ دی۔جبکہ چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز نے انتظامی معاملات کے حوالے سے شرکاء کو آگاہ کیا۔ چاروں آئی جیز نے بھی الیکشن کے حوالے سے سیکیورٹی پلان پر بریفنگ دی اور ملک بھر کے حساس پولنگ اسٹیشنز سے متعلق بھی اجلاس کے شرکاء کو آگاہ کیا گیا۔الیکشن کمیشن حکام نے شرکاء کو پولنگ اسٹیشنز اور بیلٹ پیپرز کی چھپائی پر بھی بریفنگ دی اور بتایا کہ بیلٹ پیپرز کی چھپائی کے دوران سیکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کیے جارہے ہیں۔

اس موقع پر نگران وزیراعظم ناصر الملک نے کہا کہ عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے۔ناصر الملک کا مزید کہنا تھا کہ جو مینڈیٹ دیا ہے، اس کو مقررہ وقت پر پورا کریں گے۔واضح رہے کہ عام انتخابات 2018 آئندہ ماہ 25 جولائی کو ہونے جارہے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے انتخابات میں حصہ لینے والے تمام امیدواروں کو سیکیورٹی فراہم کرنے کا حکم دیا ہے اور اس حوالے سے صوبائی حکومتوں کو مراسلہ بھیجا جاچکا ہے۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ چاروں حکومتیں، امیدواروں کوسیکیورٹی فراہم کریں اور سیاسی جماعتوں کے قائدین کو بھی سیکیورٹی فراہم کی جائے۔الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومتوں کو ملک کے انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر جلد سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔دوسری جانب وزارت دفاع نے الیکشن کمیشن کی درخواست پر عام انتخابات کے لیے پاک فوج کے ساڑھے 3 لاکھ اہلکار دینے کی بھی حامی بھرلی ہے۔واضح رہےکہ الیکشن کمیشن نے عام انتخابات میں پاک فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت بیلٹ پیپرز کی چھپائی اور ترسیل بھی فوج کی نگرانی میں کی جائے گی اور پاک فوج کے اہلکار 27 جون کو پرنٹنگ پریس کی سیکیورٹی سنبھال لیں گے۔عام انتخابات کے لیے پولنگ سے 4 روز قبل فوج کو بلایا گیا ہے، پاک فوج کے اہلکار پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر تعینات ہوں گے جب کہ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر اہلکاروں کی اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔