نیب لاہور کا زعیم قادری کیخلاف زمینوں پر قبضے اور آمدن سے زائد اثاثوں کے الزامات پر جاری تحقیقات بند کرنے کا فیصلہ

 
0
459

لاہور ، جون26 (ٹی این ایس): مسلم لیگ ن کیساتھ بغاوت  کرنے کیساتھ ہی نیب لاہور نے مسلم لیگ (ن) کے سابق صوبائی وزیر زعیم قادری کیخلاف زمینوں پر قبضے اور آمدن سے زائد اثاثوں کے الزامات پر جاری تحقیقات بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

نجی خبر رساں ادارے کے مطابق 8جنوری 2018ءکو چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں زعیم قادری و دیگر کے خلاف تحقیقات کرنے کی منظوری دی گئی تھی۔ زعیم قادری کے خلاف پنجاب سمال انڈسٹری کوآپریٹو ایمپلائز ہاﺅسنگ سوسائٹی سے مبینہ طور پر غیر قانونی فوائد لینے، سوسائٹی کی مدد سے سوسائٹی کی زمین پر قبضہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور شہزاد سلیم کو تحقیقات کرنے کی ہدایت کی تھی۔

چیئرمین نیب نے زمینوں پر قبضے، اختیارات کا ناجائز استعمال اور آمدن سے زائد اثاثوں کے الزامات پر زعیم قادری ودیگر کے خلاف تحقیقات کرنے کی ہدایت کی تھی۔ سابق صوبائی وزیر زعیم قادری کے خلاف تحقیقات میں تاحال کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی اور نہ ہی نیب لاہور نے انہیں طلبی کے سمن جاری کئے۔

نیب کے ذرائع نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ چیئرمین نیب نے زعیم قادری کے خلاف الزامات کی جانچ پڑتال کرنے کی منظوری دی تھی تاہم تحقیقات بند کرنے کا حتمی فیصلہ چیئرمین نیب کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔