شہباز شریف کا ‘کرانچی’ اور ‘پان’ پر تبصرہ، شہرِ قائد کے باسی ناراض

 
0
362

اسلام آباد جون 27 (ٹی این ایس)مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف تو 2 روزہ ‘مشن کراچی’ کے بعد واپس لاہور لوٹ گئے لیکن گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو میں کراچی کو ‘کرانچی’ کہنے اور ‘پان’ کھانے والے ‘بہن بھائیوں’ کا تذکرہ کرکے شہرِ قائد کے باسیوں کو اچھا خاصا ناراض کرگئے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ممکنہ طور پر ایک رپورٹر نے کراچی کو ‘کرانچی’ کہہ کر شہباز شریف سے کوئی سوال کیا، جس پر صدر مسلم لیگ (ن) نے جواب دیا کہ ‘ہمارے جو بھائی بہن پان کھانے والے ہیں، ان کے کرانچی کو میں لاہور بناؤں گا اور جو کراچی میں رہتے ہیں، ان کو میں کراچی انشاء اللہ لاہور سے بہتر بنا کر دوں گا’۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عمران اسماعیل تو اس بات پر باقاعدہ پھٹ پڑے اور انہوں نے طنز و تنقید سے بھرپور ایک ویڈیو پیغام جاری کردیا۔اپنے پیغام میں عمران اسماعیل نے کہا، ‘عوام نے استقبال کیا لیکن بدلے میں شہباز شریف نے اہلِ کراچی کی تضحیک کی اور کراچی کو ‘کرانچی’ کہہ کر مذاق اڑانے کی کوشش کی اور ‘پان’ کا طعنہ دے کر طنز کے نشتر برسائے۔’عمران اسماعیل نے شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ‘پان ہماری ثقافت کا حصہ ہے’۔دوسری جانب سوشل میڈیا پر بھی کراچی والے اپنے دل کی بھڑاس نکالتے ہوئے نظر آرہے ہیں ۔ایک صارف نے شہباز شریف کو مخاطب کرکے واضح کیا، ‘مجھے پان پسند ہے اور میرا کراچی بھی۔’