آئی ایٹ میں  مسجد پر فائرنگ،ایک شہید چار زخمی، پاکستان کے داخلی استحکام کے خلاف بیرونی سازش کا حصہ ہے،وزیر داخلہ

 
0
546

اسلام آباد،نومبر 29 (ٹی این ایس):  دارالحکومت کے آئی ایٹ سیکٹر میں   ایک مسجد پر فائرنگ کی گئی ہے جس کے نتیجہ میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایک شہری شہید اور 4 زخمی ہوگئے ہیں۔

یہ  حملہ اہلِ تشیع کی باب العلم نامی مسجد پر آج شام اسوقت ہوا جب وہاں مغربین ادا کرنے کے بعد لوگ باہر آرہے تھے۔

دو موٹر سائیکل سوار امام بار گاہ کے سامنے رکے اور امام بار گاہ کے سامنے پانی کے کولر سے پانی پینے کے بہانے کھڑے ہوئے ۔  نمازی باہر نکل رہے تھے اور بعض برآمدے میں ایکدوسرے کے ساتھ باتیں کر رہے تھے کہ حملہ آوروں نے فائرنگ کی۔ ٹی این ایس کو  دو کیمروں سے حاصل شدہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا  ہے کہ حملہ آوروں جن میں سے ایک نے پینٹ شرٹ اور پی کیپ پہنی تھی نے اطمنان سے ایک بندوق اور ایک پستول سے فائرنگ کی اور  موٹر سائکل پرفرار ہوگئے۔

حملہ میں جان بحق ہوئے شخص کی شناخت سید حُبدار حسین ساکنہ ہادی اٹک  ، جو    آی بی میں نائب کانسٹبل تھے کے طور پر ہوئی۔

چار زخمی        جنھیں پمز منتقل کیا گیا کی شناخت سید عین زیدی، ڈاکٹر عنایت خالد، ندیم بخاری اور سید راضی زیدی کے طور پر ہوئی ہے۔

پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر ابتدائی تفتیش اور  شواہد جمع کرنا شروع کر دیئے۔ حملہ کے نتیجہ میں دارالحکومت میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

وفاقی وزیرِ داخلہ احسن اقبال نے حملہ کی مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی سازش سے تعبیر کیا جس کا مقصد پاکستان میں فرقہ وارانہ تشدد بھڑکا کر دہشت گردی کے خلاف جنگ کے ثمرات کو زائل اور  سی پیک و دوسری نوعیت کی اقتصادی ترقی کو روکنا ہے۔