ملک سے بدعنوانی کاخاتمہ پوری قوم کی آواز ہے،چیئرمین نیب

 
0
337

اسلام آباد مارچ 6(ٹی این ایس)قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر) جاویداقبال نے کہاہے کہ ملک سے بدعنوانی کاخاتمہ پوری قوم کی آواز ہے کیونکہ بدعنوانی نہ صرف تمام برائیوں کی جڑ ہے بلکہ بدعنوانی کی وجہ سے ملک کی ترقی وخوشحالی کاسفر رک جاتا ہے یا پھر اس میں تیزی نہیں رہتی نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کو نہ صرف اولین ترجیح قراردیتا ہے بلکہ اس کیلئے قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ان خیالات کااظہار جسٹس جاویداقبال چیئرمین نیب نے نیب ہیڈکوارٹرز میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ نیب نے شکایات کی جانچ پڑتال کیلئے دو ماہ ،انکوائری چارماہ اورانویسٹی گیشن چار ماہ میں مکمل کرنے کاجوکہ کل دس ماہ بنتے ہیں وقت مقررکیا ہے۔ انہوں نے تمام ڈی جیز سے دو ماہ میں شکایات کی جانچ پڑتال ، چار ماہ میں انکوائریاں اور چار ماہ میں انویسٹی گیشنز مکمل نہ کرنیوالے تمام انویسٹی گیشن کی تفصیلات طلب کرنے کے ساتھ ساتھ وضاحت سات دنوں میں پیش کرنے کا حکم دیاہے۔انہوں نے کہاکہ میں نے اپنے خطاب میں پہلے دن تمام نیب کے افسران کو واضح ہدایات جاری کیں تھیں کہ اب انکوائریاں اور انویسٹی گیشنز الماریوں اورفائلوں میں بند نہیں پڑی رہیں گی بلکہ قانون اورشواہد کی بنیاد پر تمام مقدمات کو مقررہ وقت کے اندر منطقی انجام تک پہنچایاجائے گا۔ چیئرمین نیب نے تمام ڈی جیز کو ہدایت کی کہ تمام شکایات کی جانچ پڑتال، انکوائریاں اور انویسٹی گیشننز مقررہ وقت کے اندر مکمل کی جائیں اور ہرشخص کی عزت نفس کاقانون کے مطابق خیال رکھاجائے۔