چیئرمین نیب کا لاہور بیورو کا تیسرے روز بھی دورہ، ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم کیجانب سے انہیں مختلف کیسز پر جامع بریفنگ دی

 
0
372

نیب کا ہر ایکشن قانون کے مطابق ہے ماورائے قانون کوئی اقدام نہیں اٹھایاگیا، نیب کا سیاست سے قطعی کوئی تعلق نہیں،اپنی کارروائیاں جاری رکھے گا جسے روکا نہیں جا سکتا: جسٹس(ر) جاوید اقبال کا ایڈن متاثرین سے خطاب

لاہور، جون  28 (ٹی این ایس): قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر)جاوید اقبال نے نیب لاہور کا تیسرے روز بھی دورہ کیا۔ ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم کیجانب سے انہیں مختلف کیسز پر جامع بریفنگ دی گئی۔دوران بریفنگ ایڈن ہاؤسنگ کرپشن کیس پر نیب لاہور کیجانب سے اب تک کے اٹھائے گئے اقدامات پر تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔

بعد ازاں ایڈن متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے چیئر مین نیب کا کہنا تھا کہ نیب کا ہر ایکشن قانون کے مطابق ہے ماورائے قانون کوئی اقدام نہیں اٹھایاگیا. انہوں نے کہا کہ پہلے بھی استدعا کی تھی کہ نیب آپ کا اپنا ادارہ ہے نیب کا سیاست سے قطعی کوئی تعلق نہیں اور نیب قانون کے مطابق اپنی کارروائیاں جاری رکھے گا جسے روکا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شعور وآگاہی کے سامنے کرپشن کی دیوار زیادہ دیر کھڑی نہیں رہ سکتی۔چئیرمین نیب نے اس تاثر کی نفی کرتے ہوئے کہا کہ یہ تاثر قطعی غلط ہے کہ پنجاب کے علاوہ دیگر صوبوں میں نیب کارروائی نہیں کر رہا ان کا کہنا تھاکہ جہاں مبینہ کرپشن ہے وہاں کارروائی ہو رہی ہے قانونی تقاضوں میں وقت درکار ہوتا ہے آج وہ دور نہیں جب عوام کو رعایا کہا جاتا ہو آج حکمرانوں سے پوچھا جا سکتا ہے کہ ہمارے ٹیکس کے پیسے کا کیا استعمال کیا گیاہے؟ اگر کسی سے پوچھا ہے کہ جہاں 500روپے خرچ ہونے تھے وہاں 5000 کیوں ہوئے اور جہاں 5 لاکھ خرچ ہونا تھے وہاں5کروڑ کیوں ہوئے تو یہ کوئی گستاخی نہیں ہے یہ عوام کا حق ہے۔کسی نے کچھ نہ کیا ہو اور اسے نیب تنگ کرے ایسا کبھی نہیں ہوگا ہم کسی کو زحمت نہیں دیتے نیب کے نوٹس کو سنجیدگی سے لیا جائے نیب کے نوٹس دعوت نامے نہیں ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نیب میں80فیصد درخواستیں ہاؤسنگ سوسائٹیوں سے متعلقہ آتی ہیں اگر ڈویلپمنٹ اتھارٹیز اور دیگر ادارے اپنے فرائض صحیح طریقے سے ادا کرتے تو آج یہ دن نہ دیکھنے پڑتے۔ یہاں ایسے لوگ بھی موجود ہیں جنہوں نے این او سی کے اجراء کیلئے بیس بیس کروڑ روپے بھی وصول کئے عوام کو خوبصورت اشتہارات کی مدد سے لوٹا گیا۔ڈبل شاہ جیسے کیسز پورے برصغیر میں پاکستان میں ہی رونما ہوتے ہیں نیب اپنے فرائض ادا کر رہا ہے اور ہم اللہ تعالیٰ کے سامنے جوابدہ ہیں اور تمام کام قانون کیمطابق کر رہے ہیں.

انھوں نے کہا کہ  نیب افسران اب کام، کام اور صرف کام کر رہے ہیں ایڈن انتظامیہ کیخلاف 11000 سے زائد شکایات موصول ہوئیں ہر درخواست پر عمل ہوا اور جاری ہے۔ واضح کر دوں کہ بددیانتی سے وصول ایک ایک پائی وصول کی جائیگی البتہ قانونی پیچیدگیوں کیوجہ سے وقت درکار ہے۔ نیب کی جانب سے ایڈن انتظامیہ کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کیلئے درخواست فوری طور پر دی گئی دو سے تین مرتبہ یاد دہانی بھی کروائی گئی نگران حکومت کو بھی کہا گیا ہے البتہ بھاگنے والوں کو بتا دوں وہ کرہء ارض کے کسی بھی کونے میں چلے جائیں انہیں واپس لایا جائیگا قانون نے اختیار دیا ہے ریڈ وارنٹ اور انٹر پول کی مدد بھی لی جائیگی۔ ایڈن انتظامیہ کے 20 ارب کے اثاثہ جات منجمد کر دئیے ہیں نیب کیطرف سے کسی کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں انہوں نے ایڈن متاثرین کو یقین دہانی کروائ کہ انکے نقصانات کے ازالے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائینگے.