نیویارک میں دوسرا پاکستان فلم فیسٹیول سجنے کو تیار

 
0
543

نیویارک جون 29 (ٹی این ایس)اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن کے زیر اہتمام دوسرا پاکستان فلم فیسٹیول امریکی شہر نیویارک میں 7 اور 8 جولائی کو منعقد ہونے جارہا ہے، جس میں متعدد پاکستانی اسٹارز اور اہم شخصیات شرکت کریں گی۔دو روزہ دوسرے پاکستان فلم فیسٹیول میں ملک کی مقبول فلموں ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘، ’نہ بینڈ نہ باراتی‘، ’کیک‘، ’سات دن محبت اِن‘، ’ورنہ‘، ‘پرچی’ اور ‘لالا بیگم’ سمیت ایشیاء کے مختلف ممالک کی فلموں کی نمائش کی جائے گی۔فیسٹیول میں آسکر ایوارڈ یافتہ شرمین عبید چنائے بھی شرکت کریں گی، جہاں وہ خصوصی سیگمنٹ ‘beyond the Oscar’ سے خطاب کریں گی جس میں وہ اپنی زندگی کے اتار چڑھاؤ بیان کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستانی فلم انڈسٹری کے حالات پر بحث کریں گی۔اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ اس طرح کے فیسٹیولز پاکستان کی فلم انڈسٹری کو فروغ دیتے ہیں اور اس سے دنیا کے سامنے پاکستان کی مثبت شکل سامنے آتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ماضی کی طرح دوسرا پاکستان فلم فیسٹیول بھی کامیاب رہے گا اور دنیا کو پتہ چل سکے گا کہ پاکستان میں بھی دوبارہ بہترین فلمیں بن رہی ہیں جس پر ہم فخر محسوس کر رہے ہیں۔ملیحہ لودھی نے نوجوان فنکاروں کو بھی سراہا اور کہا کہ انہوں نے پاکستان سینما کو ایک بار پھر زندہ کردیا ہے، یہی وہ لوگ ہیں جو پاکستان کی فن و ثقافت، موسیقی، ادب اور میڈیا کو پھر سے جلا بخش رہے ہیں۔فیسٹیول میں فلم سازوں و ہدایت کاروں سمیت میڈیا کی مختلف اہم شخصیات کی شرکت بھی متوقع ہے۔جبکہ ماہرہ خان،آمنہ شیخ، حریم فاروقی، مہوش حیات، میکال ذوالفقار اور شہریار منور کی شرکت کے بھی امکانات ہیں۔