عمران خان خیر منائیں، ٹکٹوں کی فروخت کا بڑا اسکینڈل سامنے آنے والا ہے، بلاول بھٹو زرداری

 
0
1051

کراچی جولائی 1(ٹی این ایس)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ عمران خان خیر منائیں، ٹکٹوں کی فروخت کا بڑا اسکینڈل سامنے آنے والا ہے۔عمران خان کے خطاب پر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا رد عمل سامنے آگیا، ایک بیان میں بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان خیر منائیں، ٹکٹوں کی فروخت کا بڑا اسکینڈل سامنے آنے والا ہے۔بلاول نے کہا کہ کرپشن کی دولت پر چلنے والے آج کرپشن پر بھاشن دے رہے ہیں، خیبر پختونخوا میں احتساب کے ادارے کو ختم کرنے والا کس منہ سے کرپشن پر بات کر رہا ہے۔

بلاول نے کہا کہ عمران خان، نواز شریف کی توسیع اور سیاسی جانشین ہیں۔علاوہ ازیں بلاول نے انتخابی مہم کا آغاز کلفٹن میں عبداللہ شاہ غازی کی مزار پر حاضری سے کیا۔ اس موقع پر انہیں اجرک بھی پیش کی گئی۔ صورتحال اُس وقت بدمزہ ہوئی جب ایک شخص نے بلاول بھٹو کا بوسہ لینے کی کوشش کی۔بلاول بھٹو عبداللہ شاہ غازی کے مزار سے لیاری پہنچے جہاں انہوں نے چاکیواڑہ میں این اے 246 کے مرکزی الیکشن آفس کا افتتاح کیا۔بلاول بھٹونے کہا کہ حلقے کے عوام اُن کا ساتھ دیں، وہ ان کے دیرینہ مسائل حل کرکے دِکھائیں گے۔ بلاول زرداری کی تقریر کے دوران جیالوں کی جانب سے ’وزيراعظم بلاول بھٹو‘ کے نعرے لگائے گئے۔بلاول کے ہمراہ مراد علی شاہ، شیری رحمان اور سعید غنی بھی موجود تھے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے دورے کے دوران گڈانی میں ڈوب کر جاں بحق شہریوں کے ورثاء سے تعزیت بھی کی جبکہ کھارادر میں محمد شاہ سبزواری کے مزار پر بھی حاضری دی۔