الیکشن سال 2018 کے موقع پر امن وامان کی صورتحال پر کنٹرول کے حوالے سے آئی جی سندھ کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس۔

 
0
296

کراچی جولائی 1(ٹی این ایس)آئی جی سندھ امجدجاوید سلیمی کی ذیرصدارت ایک اہم اور اعلیٰ سطحٰی اجلاس میں عام انتخابات سال 2018 کے لیئے اختیار کردہ سیکیورٹی حکمت عملی اور سیاسی جماعتوں کے لیئے مرتب کیئے جانیوالے ضابطہ اخلاق اور اس پر عمل درآمدی اقدامات سمیت تمام پولنگ اسٹیشنز کی درجہ بندیوں کا تفصیلی احاطہ کیا گیا اور مذید ضروری احکامات دیئے گئے۔
اجلاس میں الیکشن 2018 کو شفاف غیرجانبدار اور منصفانہ بنانے جیسے اقدامات اور اس ضمن میں ضابطہ اخلاق پر اسکی تمام تر ترجیحات کو پیش نظر رکھ کر عمل درآمد کرانے اور اس سلسلے میں سیاسی جماعتوں کے اعتمادوکردار پر تفصیلی بات چیت کی گئی اور باہم مشاورت اور تجاویز سے دیگر ضروری امور طے کیئے گئے۔
اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق احمد مہر، زونل ڈی آئی جیز کراچی سمیت حیدرآباد میرپور خاص،شہیدبینظیرآباد سکھر، اورلاڑکانہ کے ڈی آئی جیز کے علاوہ ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرزسندھ اور اے آئی جی ایڈمن نے بھی شرکت کی۔
دوران اجلاس تمام ڈی آئی جیز نے متعلقہ پولیس اسٹیشنز کی انتہائی حساس/ حساس اور نارمل درجہ بندیوں پر مشتمل تفصیلات پر علیحدہ علیحدہ بریفنگ دی اور الیکشن 2018 کے موقع پر امن وامان کی صورتحال پر مکمل پولیس کنٹرول کے حوالے سے مجموعی حکمت عملی اور لائحہ عمل سے اجلاس کو آگاہ کیا۔
آئی جی سندھ نے ہدایات دیں کہ عام انتخابات کے دوران امن وامان کے حالات پر مکمل کنٹرول کے ضمن میں مرتب کردہ سیکیورٹی حکمت عملی اور لائحہ عمل کو انتہئی ٹھوس اور غیر معمولی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کے ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کے حوالے سے رینجرز اور قانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں سے مربوط روابط کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہرسطح پر سیاسی جماعتوں کے قائدین عہدیداران اور نمائندگان کو اعتماد میں لیکر ایسا کلیہ وضع کیا جائے کہ جس سے ناصرف منصفانہ اور غیرجانبدارانہ الیکشن کا انعقاد ممکن ہوسکے بلکہ مشترکہ سیکیورٹی حکمت عملی سے امن وامان کے حالات کو کنٹرول میں رکھنے کے ساتھ ساتھ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعہ سے بروقت نمٹنے اور انسدادی اقدامات بھی یقینی بنائے جاسکیں۔