کراچی جولائی1 (ٹی این ایس) پیپلز پارٹی کا مضبوط گڑھ سمجھے جانے والے علاقے لیاری میں چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کے قافلے پر مشتعل افراد نے حملہ کردیا اور ڈنڈوں سے ان کے قافلے میں شامل متعدد گاڑیوں کے شیشے توڑ دیئے۔کراچی کے علاقے این اے 246 لیاری میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کردیا۔ بلاول لیاری کے دورے پر پہنچے تو ایک مقام پر سیکڑوں مشتعل افراد سڑکوں پر نکل آئے اور قافلے کو آگے جانے سے روک دیا۔ نامعلوم مشتعل افراد نے بلاول کے قافلے پر حملہ کردیا اور شدید نعرے بازی کی جب کہ پولیس موبائل سمیت متعدد گاڑیوں کے شیشے بھی توڑ دیئے گئے۔ ہنگامہ آرائی میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔مشتعل مظاہرین نے ہاتھوں میں ڈنڈے اور پتھر اٹھارکھے تھے اور جیسے ہی بلاول بھٹو کی گاڑی قریب آئی تو عوام کے جمِ غفیر نے گاڑی کو گھیرے میں لے لیا اور شکایات کے انبار لگا دیئے۔ عوام کا کہنا تھا کہ لیاری پیپلزپارٹی کا گڑھ ہے لیکن یہاں کے عوام آج بھی پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔ مشتعل افراد کو روکنے کے لئے پولیس نے لاٹھی چارج کیا تاہم مظاہرین قابو سے باہر رہے۔