عمران خان ڈھونڈتے پھرو گے تمہیں لاہور کے حلقے میں دھکا کس نے دیا تھا،پانچوں حلقوں سے ہاروں گے‘ سعد رفیق

 
0
273

ہم امید کرتے ہیں دھونس اور دھاندلی کی اطلاعات کا نوٹس لیا جائے گا،آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنایا جائے گا
شہباز شریف کراچی سے پشاور تک پورے ملک کا الیکشن لڑیں، ہم لیگی ان کا لاہور میں الیکشن لڑینگے‘ مختلف حلقوں میں اجتماعات سے خطاب
لاہور جولائی 1(ٹی این ایس)مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما حلقہ این اے 131سے امیدوار خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان تم لاہور سے بری طرح ہارو گے، ڈھونڈتے پھرو گے کہ تمہیں لاہور کے اس حلقے میں دھکا کس نے دیا تھا،ہمارے مخالفین کی انتخابی مہم جھنڈوں اور فلیکسوں پر ہے، عمران خان انتخابی مہم کے افتتاح پر دو سو کارکن نہیں اکٹھے کر سکے، ہم ہر روز سو گلیوں میں جاتے ہیں اور ہر گلی میں دو سو ووٹر ہمارے ساتھ ہوتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انتخابی مہم کے سلسلہ میں حلقہ این اے 131 ،این اے 129اور 132 میں مختلف مقامات پر اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہمارے مخالف ڈیفنس کے جس انگلش بولنے والے ووٹ کے دھوکے میں لاہور آئے وہ کل ووٹوں کا پندرہ فیصد بھی نہیں، ڈیفنس کا سنجیدہ ،پڑھا لکھا اور محب وطن ووٹر مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ہے۔میں عمران خان سے ڈیفنس کے علاوہ حلقے کی کسی آبادی، سڑک اور چوک کا نام بھی پوچھ لوں تو انہیں وہ بھی نہیں آئے گا، حلقے میں سیاسی اجنبی کو کوئی ووٹ نہیں دے گا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی انتخابی مہم کی افتتاحی تقریبات لاہور ہی نہیں، میانوالی اور اسلام آباد میں بھی ناکام ہوئیں، عمران خان بنوں اور کراچی کے دونوں حلقوں سمیت پانچوں حلقوں سے ہارے گا کیونکہ ان کی سیاست بے نقاب ہو چکی ہے ۔سعد رفیق نے کہا کہ ملکی مسائل کا حل مسلم لیگ (ن) کے پاس ہے، جس جماعت کی حکومت نے دہشتگردی اور لوڈ شیڈنگ پر قابو پایا، جنہوں نے ریلوے کو بحال کیا اور لواری ٹنل جیسے عشروں سے زیر تکمیل منصوبے مکمل کئے وہیبڑے ڈیمزبھی ہم ہی بنائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ میرا مخالف جھوٹا بھی ہے اور بزدل بھی ہے، یہ عدلیہ بحالی تحریک میں اس وقت جا کے چھپ گیا تھا جب مسلم لیگ (ن) نواز شریف کی قیادت میں سڑکوں پر تھی۔ہم نے آئین اور جمہوریت کے لئے ماریں کھائی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ دھونس اور دھاندلی کی اطلاعات کا نوٹس لیا جائے گا، نگران حکومت اور تمام ذمہ دار اداروں کی طرف سے آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنایا جائے گا۔ہم قومی اداروں کا احترام کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ عوام کی نمائندہ پارلیمنٹ کا بھی احترام کیا جائے جو مدر آف انسٹی ٹیوشنز ہے۔ سعد رفیق نے کہا کہ مسلم لیگ پاکستان کی خالق جماعت ہے یہ اپنے گھر میں لڑائی کیسے چاہ سکتی ہے، اس کو تباہ ہوتے ہوئے نہیں دیکھ سکتی، ہم سے زیادہ محب وطن بننے والی سیاسی جماعت ماں سے زیادہ ہمدرد نہیں ہو سکتی وہ پھپھے کٹن ہی ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کراچی سے پشاور تک پورے ملک کا الیکشن لڑیں، ہم مسلم لیگی ان کا لاہور میں الیکشن لڑیں گے۔لاہور مسلم لیگ (ن) کا قلعہ ہے جسے مشرف آمریت بھی نہیں ڈھا سکی، کراچی سمیت ملک بھر سے ووٹروں کا جوش و خروش بتا رہا ہے کہ اس مرتبہ مسلم لیگ (ن) پنجاب کے ساتھ ساتھ باقی صوبوں میں بھی حکومت بنائے گی۔