ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کی تفتیش سست روی کا شکار

 
0
360

لندن جولائی 1(ٹی این ایس): لند ن میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رہنما ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کی تفتیش سست روی کا شکار ہے اور اسکاٹ لینڈ یارڈ کی چیف کریسیڈا ڈِک کا کہنا ہے کہ فاروق قتل کیس میں پیچیدگیوں کا سامنا ہے۔ انہوں نے ہوم افیئرز سلیکٹ کمیٹی کے روبرو اپنے بیان میں کہا کہ عمران فاروق قتل کے تانے بانے برطانیہ سے باہر جاتے ہیں‘ تفتیش آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کے ساتھ مسائل حل کرنا ہوں گے‘ دفترخارجہ و متعلقہ حکام سے مل کر معاملہ پاکستان کے ساتھ اٹھا رہے ہیں‘ عمران فاروق کیس پر بڑا خرچہ کیا ہے‘ قاتلوں کو ضرور پکڑیں گے۔ برطانوی لیبر پارٹی کی رکن پارلیمنٹ ناز شاہ نے ہوم افیئرز سلیکٹ کمیٹی میں عمران فاروق قتل کیس کا معاملہ اٹھایا اور کہا کہ لوگ پوچھتے ہیں کہ عمران فاروق کے قاتل کیوں نہیں پکڑے جاتے؟‘ کیا بانی ایم کیو ایم کو انگلینڈ میں استثنا حاصل ہے؟۔ واضح رہے کہ ایم کیو ایم کے سابق رہنما عمران فاروق کو 2010ء کے دوران لندن میں ان کے گھر کے باہر قتل کر دیا گیا تھا۔