نواز شریف کی با ر باراعلی عدلیہ پر تنقید توہین عدالت ہے عدلیہ کو فوری نوٹس لینا چاہیے‘ ڈاکٹر یاسمین راشد

 
0
381

لاہور نومبر 19(ٹی این ایس) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ نواز شریف با ر باراعلی عدلیہ کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں جو کہ توہین عدالت ہے عدلیہ کو اس کا فوری نوٹس لینا چاہیے ۔انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ شریف برادران نے صرف ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے ،غریب عوام کے لئے انہوں نے کچھ نہیں کیا،قوم ملکی دولت لوٹنے والو ں کا انجام دیکھنا چاہتی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ جب تک ملک کوحقیقی معنوں میں عوام کو مخلص اور دیانت دارحکمران نصیب نہیں ہوتے پاکستان ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن نہیں ہو سکتا ۔انہوں نے کہاکہ ملک ایک طرف مہنگائی،بے روزگاری،لاقانونیت،دہشتگردی اور توانائی بحران جیسے سنگین مسائل کاشکار ہے تودوسری جانب کرپشن کے ناسور نے پورے نظام کومفلوج کرکے رکھ دیا ہے۔اب تک جو بھی حکومت آئی ہے اس کے نمائندوں نے لوٹ مار،کرپشن اور اپنی جیبیں بھرنے کے سواء کچھ نہیں کیادولت چند ہاتھوں تک محدودہوکررہ گئی ہے۔امیر پہلے سے زیادہ امیر اور غریب مزید غریب ہوچکا ہیمسائل کے حل کے لئے ضروری ہے کہ عوام آئندہ الیکشن میں محب وطن،باکردار،پڑھی لکھی اور کرپشن سے پاک بے داغ قیادت کو منتخب کریں ۔