کراچی:ظفر ٹاؤن میں بدنام زمانہ ڈکیت ہلاک، اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے مارا گیا

 
0
310

ملزم پر13سے زائد ایف آئی آر مختلف تھانوں میں درج تھیں

کراچی ،جولائی 03 (ٹی این ایس ):تھانہ شاہ لطیف کی حدود ظفر ٹاؤن میں بدنام زمانہ ڈکیت مارا گیا ، ملزم کراچی کے مختلف تھانوں کو سنگین وارداتوں میں مطلوب تھا ، ملزم پر13سے زائد ایف آئی آر مختلف تھانوں میں درج تھیں ۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف تھانوں کو سنگین وارداتوں میں ملوث مطلوب ملزم گزشتہ روز شاہ لطیف تھانے کی حد ظفر ٹاﺅن قبرستان میں اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔ ملزم صدام ولد ایوب خان کی اطلاع ملنے پر جب خلد آباد چوکی انچارج نواز زرداری اپنی ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچے تو ملزم اور اسکے دو دیگر ساتھیوں نے فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوجانے میں عافیت جانی لیکن اسی دوران بدحواسی میں کیجانے والی فائرنگ کے نتیجے میں ملزم صدام اپنے ہی ایک ساتھی کیجانب سے چلائی جانے والی گولی لگنے سے ہلاک ہوگیا جب کہ اس کے دیگر دو ساتھی قبرستان کی جانب فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔

ادھر دوسری جانب معلوم ہوا ہے کہ ملزم کے ایک ساتھی آصف لمبا کو شرافی گوٹھ تھانے نے گرفتار کرلیا ہے لیکن تھانہ شرافی گوٹھ اسکی تصدیق نہیں کررہی ۔اس حوالے سے جب خلد آباد چوکی انچارج نواز علی زرداری سے واقعے کی تفصیلات پوچھی گئیں تو انہوں نے بتایا کہ ملزم اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہوا ہے ،ہمیں اطلاع ملی تھی تو ہم نے تعاقب کیا لیکن ملزم کو ہلاک پایا جبکہ اسکے دو ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ صدام نامی ہلاک ملزم خوف کی علامت سمجھا جاتا تھا اور اسکی ہلاکت سے مختلف علاقوں کی عوام نے سکھ کا سانس لیا ہے ۔ملزم پر تھانہ قائد آباد ،تھانہ شاہ لطیف ،تھانہ سہراب گوٹھ سمیت ڈاکس تھانے میں بھی ڈکیتی ،بھتہ ،ریپ و دیگر سنگین مقدمات درج ہیں ۔قائد آباد سول سوسائیٹی کیجانب سے بھی خلد آباد چوکی کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے کہ خلد آباد چوکی نے اسقدر جرائم پیشہ عناصر پر کڑی نظر رکھی ہوئی ہے ۔