اقتدار میں آکر بے روزگار لوگوں کو نوکریاں اور بے گھر افراد کو گھر دیں گے،عمران خان 

 
0
494

کراچی 04جولائی(ٹی این ایس)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے کہ اقتدار میں آکر بے روزگار لوگوں کو نوکریاں اور بے گھر افراد کو گھر دیں گے، خیبرپختون خوا اور پنجاب میں پوزیشن مضبوط ہے، وفاقی حکومت بناسکتے ہیں، مگر جب تک کراچی نہیں اٹھے گا تبدیلی نہیں آئے گی۔کبھی اپنے مخالف کو کمزور نہ سمجھیں، کارکن سندھ میں سڑکوں پر نکلیں اور ریلیاں نکالیں تاکہ لوگوں کو آپ کی طاقت کا اندازہ ہو، کرکٹ کی زبان میں کہاجاتا ہے کہ جب تک آخری گیند نہ ہوجائے تو فیصلہ نہیں ہوتا۔تیس سال سے باریاں لگانے والوں نے کراچی کو کچھ نہیں دیا، میری جدوجہد رنگ لارہی ہے، تبدیلی کی ہوا چل پڑی ہے، میرا نیا پاکستان کا خواب کراچی کے بغیر ممکن نہیں ہے، جب ہم بڑے ہورہے تھے تو ملک کے ادارے مضبوط تھے، 60 کی دہائی میں ملک ترقی کررہا تھا۔ سب تباہی ہمارے سامنے ہوئی ہیں، آج ہم مقروض ہوتے جارہے ہیں، ادارے تباہ ہوگئے ہیں، اداروں کے ساتھ ملک ترقی کرتا ہے لیکن سابق حکمرانوں نے ملک کو تباہ کردیا، آج بنگلا دیش ہم سے آگے نکل چکا ہے، لاہور میں بارش نے ترقی کا پول کھول دیا، لاہور کو جو پیرس بنانا تھا وہ سب قوم کے سامنے آگیا۔تحریک انصاف کے چیئرمین نے بدھ کی صبح تاجررہنماعبدالرحیم جانو کی رہائش گاہ پرناشتے کیا، عمران خان کی قیمہ والے نان، نہاری،حلوہ پوری اور لسی سے تواضح کی گئی۔اس موقع پر عبدالرحیم جانو اور معروف صنعت کار یحییٰ پولانی نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔میڈیا سے بات چیت میں عمران خان نے کہا کہ ہمیشہ مقابلے میں اپنے مخالف کوکمزور نہیں سمجھناچاہیے، طویل عرصے سے پاکستان کیلئے جدوجہد کررہا ہوں، میری جدوجہد رنگ لارہی ہے، تبدیلی کی ہوا چل پڑی ہے۔میچ کے دوران بھی مخالف کو کمزور نہیں سمجھتا تھا، لیگ والے کہتے ہیں آپ توایمپائرکی انگلیوں کی بات کرتے ہیں، لاہور میں جو ہوا ہے، وہ سب عوام کے سامنے آگیا ہے۔انھوں نے کہا کہ جب اللہ کی پکڑ ہوتی ہے تو آپ کچھ بھی کرلیں پکڑے جاتے ہیں، پانامالیکس اللہ کی طرف سے پکڑ تھی، پانامالیکس ہم نہیں لے کر آئے تھے، اللہ کی طرف سے پکڑ ہوئی تھی۔عمران خان نے کہاکہ شہباز شریف نے لاہور پر اربوں روپے لگائے ، جب بارش ہوئی توان کا پول کھل گیا، لاہور کی بارش بھی اللہ کی پکڑ ہے،عوام نے سب دیکھ لیا، الیکشن میں بھی ان لوگوں کو پتہ چل جائے گا حقیقت کیا ہے۔پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ پاکستان کو کرپشن سے نجات دلانا تھی، عوام تبدیلی چاہتے ہیں، دو پارٹیاں ہیں، جن کی باریاں چل رہی ہیں،عوام تنگ آچکے تھے، قرضے بڑھتے جارہے ہیں، ملک کے اداروں کو تباہ کردیا گیا، پانی کا مسئلہ پیدا ہوگیا ہے، ڈیمز پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔انہوں نے کہاکہ باریاں لے کر ملک کو تباہ کردیا گیا، ان کے بچے بیرون ملک رہتے ہیں، 600 کروڑ کے گھر میں ان کے بچے رہتے ہیں، ملک کو تباہ کر دیا گیا، جب ان سے منی ٹریل پوچھوتو کہتے ہیں عوام فیصلہ کریں گے۔تحریک انصاف کے سربراہ نے کہا کہ کراچی سے الیکشن کا فیصلہ اس لیے کیا کیونکہ کراچی اٹھے گا تو پاکستان بڑھے گا، کراچی نہیں اٹھے گا تو پاکستان ترقی نہیں کرسکتا، میرا نیا پاکستان کا خواب کراچی کے بغیر ممکن نہیں، کراچی کو ٹھیک کریں گے تو میرا نیا پاکستان کا خواب پورا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ کے پی میں ہماری حکومت رہی لیکن کراچی پر خصوصی توجہ دے رہا ہوں، عمران خان نے کہاکہ کراچی سے متعلق ہمارے پاس بہترین پروگرام ہے، کراچی کے کوڑے کرکٹ سے ہی بجلی بنائیں گے اور شہرکو دیں گے، کراچی کو ایک میٹروپولیٹن سٹی کی طرح چلانا ہے،شوکت خانم اسپتال کیلئے کراچی ہی نہیں دنیا بھر میں میمن کمیونٹی نے اسپتال کیلئے بھرپور مدد کی۔عمران خان نے کہا جو لوگ 30سال سے باریاں لے رہے ہیں، کراچی کے مسائل کا حل ان کے پاس نہیں، ان لوگوں کے پاس مسائل کا حل ہوتا تو کراچی نیچے نہیں جارہا ہوتا، کے پی میں ہماری پہلی مرتبہ حکومت آئی، کوئی بھی سروے اٹھا کر دیکھ لیں کے پی کے کی صورت حال دوسرے صوبوں سے بہت بہتر ہے۔، ان لوگوں نے 6 ،6 باریاں لے لیں آج تک پولیس کو ٹھیک نہیں کر سکے۔فوج کا کام پولیسنگ نہیں ہوتا، شہبازشریف پنجاب پولیس کے ذریعے لوگوں کو قتل کراتے رہے ہیں، ماڈل ٹاؤن میں بھی پولیس کے ذریعے قتل کرائے گئے، شہبازشریف اسی طرح پولیس سے ماورائے عدالت قتل کراتا ہے، راانوار نے 420سے زائد لوگوں کو قتل کیا، غلط کام کرائیں گے تو پولیس تباہ ہوگی۔ کے پی پولیس کیخلاف ایک کیس بتا دیں۔انہوں نے کہا کہ کے پی میں سیاسی مخالفین پرایک کیس بھی درج نہیں ہے، پنجاب میں میرے خلاف 32 کیسز سیاسی بنیادوں پردرج کیے گئے، کے پی پولیس بہتر ہے، وہاں کے اسپتال سب سے بہتر ہیں، خیبرپختونخوا میں ایک ارب درخت لگائے،لوگوں کو گلوبل وارمنگ سے آگاہ کیا گیا۔ مینجمنٹ بہتر کرنا ہوگی۔سربراہ پی ٹی آئی نے کہا کہ طویل اندھیری رات ختم ہونے جارہی ہے، بڑی تعداد میں لوگ آرہے ہیں، یہ تبدیلی آگئی ہے، لاہورکے پیرس بننے کی اصلیت سامنے آگئی ہے، اللہ کی پکڑہوتی ہے تو پاناما جیسے کیس نکل آتے ہیں، شہبازشریف کی ترقی صرف اشتہارات تک تھی۔عمران خان نے کہا کہ تاریخ ہے جوجماعتیں ادارے تباہ کرتی ہیں وہ انہیں کبھی ٹھیک نہیں کرسکتیں پی ٹی آئی چیئرمین نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف اقتدار میں آکرمسائل حل کریگی، قوم تبدیلی کیلئے تیار ہے، اقتدار میں آئے تو تبدیلی نظربھی آئے گی، عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں سب سے بڑا مسئلہ بے روزگاری ہے، نوجوانوں کو نوکری نہیں دی تو وہ جرائم کی طرف جائیں گے۔ اقتدار میں آئے تو پچاس لاکھ گھر پانچ سال میں دیں گے،یہ بہت بڑا ہدف ہے، اقتدار میں آ کر غریب طبقے کو سستے گھر دیں گے۔عمران خان نے کہا کہ خیبر پختون خوا میں دو سو ارب روپے کی لکڑی کاٹی گئی، ایک ارب درخت اگانے کا ہدف دیا تو لوگوں نے مذاق اڑایا،ہمارے پاس درخت اگانے کے لئے پودے نہیں تھے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ کراچی میں معاشی انقلاب لانے کے لے ہاؤسنگ ضروری ہے،بلین ٹری سونامی میں ٹمبر مافیا کا مقابلہ کرنا پڑا،الیکشن کا نہیں آئندہ نسلوں کا سوچنا ہے۔