مہران ہائی وے پر کوچ، کار اور وین میں تصادم کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق ،35سے زائد زخمی

 
0
363

مسافر کوچ کراچی سے پنجاب جارہی تھی کہ مہران ہائی وے پرحادثے کا شکار ہوگئی،اسپتال میں اسٹاف کی کمی ،ہلاکتوں میں اضافہ کا خدشہ 
نواب شاہ06جولائی(ٹی این ایس)دوڑ روڈ مہران ہائی وے پر کوچ، کار اور وین میں تصادم کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق اور 35 سے زائد زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق نواب شاہ میں مہران ہائی وے دوڑ روڈ پر مسافرکوچ اور وین میں تصادم ہوگیا جس کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ ایک کار بھی بے قابو ہوکر مسافر کوچ سے ٹکرا گئی جس سے مزید 2 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ پولیس کے مطابق مسافر کوچ کراچی سے پنجاب جارہی تھی کہ مہران ہائی وے پرحادثے کا شکار ہوگئی اور وین میں موجود 8 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچی اور لاشوں اور زخمیوں کو پی ایم سی اسپتال پہنچا دیا گیا، پی ایم سی ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جب کہ ڈاکٹرز و پیرا میڈیکل عملہ طلب کرلیا گیا ہے۔ زخمیوں میں متعدد افراد کی حالت انتہائی تشویش ناک ہے اور اسپتال میں ڈاکٹرز اور اسٹاف کی تعداد کم ہونے کے باعث زخمیوں کی حالت مزید بگڑنے لگی ہے ہلاکتوں میں اضافے کی خدشہ ہے۔