جعلی کرنسی کی برآمدگی کے الزام میں ایس آئی یو کے ہاتھوں گرفتار پانچ ملزمان جوڈیشل ریمانڈ پر جیل روانہ 

 
0
691

کراچی 06جولائی(ٹی این ایس)جوڈیشل مجسٹریٹ غربی نے جعلی کرنسی کی برآمدگی کے الزام میں ایس آئی یو کے ہاتھوں گرفتار پانچ ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل روانہ کردیا۔جوڈیشل مجسٹریٹ غربی کے روبرو ایس آئی یو نے جعلی کرنسی برآمد کرنے کے الزام میں گرفتار پانچ ملزمان محمد بلال ، محمد سعید ، شعیب حسن ، محمد الیاس اور علی رضا کو پیش کیا ۔ تفتیشی افسر کے مطابق ملزمان سے دوران گرفتاری پانچ ہزار روپے 25 نوٹ برآمد کیے ۔ دوران تفتیش ملزمان نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں جعلی کرنسی اقبال عرف بالا اور غلام فرید کمیشن پر دیتے تھے ۔ دوران تفتیش ملزمان بلال ، علی رضا اور الیاس نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اس سے قبل ملیر پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں ، جہاں سے ضمانت پر وہ رہا ہوئے ۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزمان انتہائی شاطر اور چالاک ہیں جن کا گروہ کراچی کے مختلف جگہوں پر جعلی کرنسی استعمال کرتا ہے ۔ ملزمان کو نوٹ کمیشن پر فراہم کرنے والے ملزما ن غلام فرید اور اقبال بالا کو گرفتار کرنا ہے جبکہ ملزمان سے مقدمات کے بارے میں مزید تفتیش بھی کرنی ہے ۔ لہذا ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی جائے۔۔عدالت نے ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل روانہ کرتے ہوئے تفتیشی افسر کو آئندہ سماعت پر چالان جمع کرانے کا حکم دیا۔