پیرس:پی آئی اے فلائٹ میزبان سے کروڑوں کی منشیات برآمد، ملزم زیر حراست

 
0
316

کرا چی مارچ 10(ٹی این ایس):پیرس میں پی آئی اے فلائٹ میزبان سے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد، منشیات لیجانے کے الزام میں قومی ائیرلائن کا فضائی میزبان بیرون ملک حراست میں لے لیا گیا۔ باقی عملے کو پاکستان واپسی کی اجازت دے دی گئی۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق پیرس جانے والی پرواز پی کے 749 کے فضائی میزبان کو فرینچ کسٹمز نے حراست میں لے لیا ہے۔فلائٹ اسٹیورڈ تنویر گلزار سے منشیات برآمد کر لی گئی ہے۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق ملزم تنویر گلزار کے خلاف محکمانہ کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔ الزام صحیح ثابت ہونے پر تنویر گلزار کو نوکری سے فارغ بھی کیا جاسکتا ہے تاہم اسلام آباد سے پیرس جانے والی فلائٹ کو قانونی کارروائی کے بعد وطن واپس روانہ کر دیا گیا۔ترجمان پی آئی اے مشہود تاجور کے مطابق ‘فلائٹ اسٹیورڈ سے کتنی منشیات برآمد ہوئی،
اس حوالے سے فرانسیسی حکام نے نہیں بتایا’۔ ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ ‘اب دیکھنا یہ ہے کہ فضائی میزبان کو فرانس میں سزا ہوتی ہے یا اسے ڈی پورٹ کیا جاتا ہے’۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ‘قومی ایئرلائن نے تنویر گلزار کو معطل کر دیا ہے اور الزامات ثابت ہو گئے تو اسے نوکری سے بھی برخاست کر دیا جائے گا’۔ترجمان پی آئی اے نے کہا کہ ‘سیکیورٹی چیکنگ پی آئی اے کی ذمیداری نہیں ہوتی’۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ‘یہ ایک سوالیہ نشان ہے کہ سیکیورٹی مراحل سے گزار کر منشیات کو طیارے میں کیسے پہنچایا گیا’۔